تیسرا ٹی ٹونٹی، پاکستان کا انگلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

دونوں ٹیموں کے مابین سیریز 1-1 سے برابر ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 20 جولائی 2021 22:06

تیسرا ٹی ٹونٹی، پاکستان کا انگلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
مانچسٹر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جولائی 2021ء ) تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے آخری مقابلے میں پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ میچ  مانچسٹر میں کھیلا جائیگا ۔ یاد رہے کہ پاکستان نے پہلے میچ میں انگلینڈ کو 31 رنز سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے کم بیک کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو شکست دیدی ۔

پاکستان اورانگلینڈ کی ٹیموں کے مابین 28 اگست 2006ء سے 16 جولائی 2021ء تک 20 ٹونٹی ٹونٹی میچز کھیلے گئے جن میں سے 6 میچ پاکستان نے اور12 میچ انگلینڈ نے جیتے اور ایک میچ برابر ہونے کے بعد سپر اوور میں انگلینڈ نے جیتا جبکہ ایک میچ غیر فیصلہ کن رہا۔ انگلینڈ کا پاکستان کے خلاف کامیابی کا تناسب 60 فیصد ہے ،پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف کامیابی کا تناسب30 فیصد ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان اورانگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین کھیلے گئے ٹی ٹونٹی میچوں میں زیادہ رنزبنانے کااعزازانگلینڈ کے این مورگن کے پاس ہے ، انہوں نے 16 میچوں کی 16 اننگزمیں 36.90 کی اوسط سے 406 رنز بنائے جن میں 3 نصف سنچریاں شامل ہیں، ان کا زیادہ انفرادی سکور67 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔ دوسرے نمبرپر کیون پیٹرسن نے 8 میچوں کی 8 اننگز میں 69.60 کی اوسط سے 348 رنز بنائے جن میں 4 نصف سنچریاں شامل ہیں ،ان کا زیادہ سے زیادہ انفرادی سکور 73 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔

تیسرے نمبر پر پاکستان کے محمد حفیظ نے 14 میچوں کی 13 اننگز میں 26.92 کی اوسط سے 323 رنز بنائے جن میں 2 نصف سنچریاں شامل ہے، ان کا زیادہ سے زیادہ انفرادی سکور 86 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔ چوتھے نمبرپر پاکستان کے شعیب ملک نے 13 میچوں کی 9 اننگز میں 27.55 کی اوسط سے 248 رنز بنائے جن میں ایک نصف سنچری شامل ہے، ان کا زیادہ سے زیادہ انفرادی سکور75 رنز ہے۔ پانچویں نمبرپر پاکستان کے بابراعظم نے 6 میچوں کی 5 اننگز میں 52.80 کی اوسط سے 264 رنز بنائے جن میں 3 نصف سنچریاں شامل ہیں، ان کا زیادہ سے زیادہ انفرادی سکور85 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔