حکومت کا پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کا از سر نو جائزہ لینے کا اعلان

پاک چین دوستی ساتویں دہائی میں داخل ہو چکی ہے ، پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کا از سر نو جائزہ لینا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چین روانگی سے قبل گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 23 جولائی 2021 12:08

حکومت کا پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کا از سر نو جائزہ لینے کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 جولائی 2021ء ) حکومت نے پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کا از سر نو جائزہ لینے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دورے پر چین روانہ ہوگئے ، روانگی سے قبل ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں آج چین کے 2 روزہ دورے پر روانہ ہو رہا ہوں ، میری چین کے وزیر خارجہ ، اسٹیٹ قونصلر وانگ ژی کے ساتھ ملاقات ہوگی ، سیکرٹری خارجہ و دیگر سینئر افسران میرے ہمراہ ہیں ، اس ملاقات میں دو طرفہ اسٹریٹیجک ایجنڈا زیر بحث آئے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کا از سر نو جائزہ لینا ہے ، ہمیں افغانستان اور علاقائی صورتحال پر ایک دوسرے کے تاثرات جاننے کا موقع ملے گا ، سی پیک پراجیکٹس پر اب تک ہونے والی پیشرفت اور آئندہ کے لائحہ عمل پر ہماری تفصیلی نشست ہوگی ، انشاء اللہ اس دورے سے ہمارے دو طرفہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، پاک چین دوستی ساتویں دہائی میں داخل ہو چکی ہے وہ انشاءاللہ آنے والے وقتوں میں اپنا رنگ دکھائے گی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے والے دشمنوں کو ناکامی ہوئی، چین نے داسو ڈیم پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کا اعلان کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہر مشکل میں ساتھ دینے پر چین کی حکومت اور عوام کے مشکور ہیں ، وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے والے دشمنوں کو ناکامی ہوئی ، داسو واقعہ کی تحقیقات دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں ، انہوں نے کہا کہ داسو واقعے کے پیچھے وہ قوتیں ہیں جو سی پیک کو ناکام کرنا چاہتی ہیں۔