آزاد کشمیر الیکشن ، زائد المیعاد شناختی کارڈ والوں کو بھی ووٹ ڈالنے کی اجازت مل گئی

شناختی کارڈ کے بغیر کوئی بھی ووٹ کاسٹ نہیں کر سکے گا، تاہم اگر کسی کا آئی ڈی کارڈ ایکسپائرڈ ہوا تو بھی وہ ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔ الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے وضاحت کردی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 23 جولائی 2021 13:13

آزاد کشمیر الیکشن ، زائد المیعاد شناختی کارڈ والوں کو بھی ووٹ ڈالنے ..
مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جولائی2021ء) آزاد کشمیر الیکشن میں زائد المیعاد شناختی کارڈ والوں کو بھی ووٹ ڈالنے کی اجازت مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ممبر آزاد کشمیر الیکشن کمیشن فرحت علی میر نے کہا ہے کہ آنے والے ریاستی انتخابات میں زائد المیعاد شناختی کارڈ کے حامل افراد بھی ووٹ ڈال سکیں گے ، شناختی کارڈ کے بغیر کوئی بھی ووٹ کاسٹ نہیں کر سکے گا، تاہم اگر کسی کا آئی ڈی کارڈ ایکسپائرڈ ہوا بھی ہو تو وہ ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔

فرحت علی میر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے ووٹر چاروں صوبوں میں موجود ہیں ، آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات یقینی بنایا گیا ہے ، شفاف انتخابات کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے اور ہر جگہ سیکیورٹی سخت ہوگی ، جس کے لیے آزاد کشمیرالیکشن میں فوج تعینات کرنے کی منظوری دی ہے تاہم فوج کا پولنگ پراسیس سے کوئی تعلق نہیں ہے ، فوج کوئیک ریسپانس فورس کے طور پر پولنگ اسٹیشن کے قریب رہے گی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاک فوج 25 جولائی کو آزاد کشمیر انتخابات میں سیکیورٹی کے فرائض انجام دے گی ، آزاد کشمیر کے الیکشن کمیشن نے پاک فوج کو سیکیورٹی اور پرامن ماحول کے انتظامات کیلئے طلب کیا ہے ، اس لیے پاک فوج کی کوئیک ری ایکشن فورس کے تحت 22 سے 26 جولائی تک تعینات ہو گی، یہ تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت کی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آزاد کشمیر میں پرامن انتخابات کیلئے آزاد کشمیر پولیس کے ساتھ دیگر صوبوں کے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار اور نیم فوجی دستے بشمول رینجرز اور ایف سی اہلکار بھی فرائض سرانجام دیں گے ، ان انتظامات کا مقصد بلاتعطل پرامن انداز میں انتخابات کا انعقاد کرانا ہے۔