اسلام آباد پولیس نے آزاد جموں اینڈ کشمیر جنرل الیکشنز کے سلسلہ میں اسلام آباد میں قائم 09 پولنگ اسٹیشنز کیلئے سکیورٹی پلان جاری کردیا

پاک رینجرز کے 45 جوانوں سمیت 329پولیس افسران و جوان سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینگے ،کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس کے دستے سٹینڈ بائی رہیں گے

جمعہ 23 جولائی 2021 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) اسلام آباد پولیس نے آزاد جموں اینڈ کشمیر جنرل الیکشنز کے سلسلہ میں اسلام آباد میں قائم 09 پولنگ اسٹیشنز کے لئے سکیورٹی پلان جاری کردیا، پاک رینجرز کے 45 جوانوں سمیت 329پولیس افسران و جوان سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس کے دستے سٹینڈ بائی رہیں گے۔

ایس ایس پی آ پریشنز اسلام آباد ڈاکٹر سید مصطفی تنویر نے اس سلسلہ میں ریسکیو15پر میٹنگ کی جس میں ایڈیشنل ایس پی فرحت عباس کاظمی،ایس پی رورل زون نوشیر وان اور سٹی زون کے ایس ڈی پی اوزاور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ ایس ایس پی آپریشنز نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولنگ کے موقع پر اسلا م آباد میں اسلحہ کی نمائش پر سخت کاروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

تمام ایس ڈی پی اوزاور ایس ایچ اوزخود پولنگ اسٹیشنز کا وزٹ کریں۔ پو لنگ کیمپ سے پولنگ اسٹیشن کے درمیان 400میٹر کا فاصلہ ہونا چاہیے۔ووٹرز کو آزادانہ ووٹ پول کرنے کا موقع فراہم کیاجائے۔ سید مصطفی تنویر نے مزید کہا کہ تمام ایس ڈی پی اوزاور ایس ایچ اوز، پریذائیڈنگ افسران اور اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں گے۔

انہیں کسی قسم کی شکایت نہیں ہونی چاہیے۔ لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال کے پیش نظر پولیس کوریزرو رکھاگیا ہے جو مختلف افسران کے ساتھ اسٹینڈ بائی رہیں گے۔ الیکشن کا ماحول خراب کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ پولیس اور انتظامیہ کے افسران کے درمیان مکمل ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے گا، ایس ایس پی نے کہا کہ میں خود تمام پولنگ اسٹیشن کا وزٹ کروں گا اور سیکورٹی انتظامات کوچیک کروں گا۔ یہ ڈیوٹی انتہائی اہمیت کی حامل ہے، ہر افسر اپنی ڈیوٹی کو انتہائی چوکس ہو کر سرانجام دے، کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، ڈیوٹی کا جو وقت مقرر کیا گیا ہے، ہر افسراپنی اور جوانوں کی بروقت حاضری کو یقینی بنائے۔