کورونا سے مزید 45 اموات ، مجموعی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کرگئی

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 2 ہزار 819 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ این سی او سی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 25 جولائی 2021 10:39

کورونا سے مزید 45 اموات ، مجموعی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کرگئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 جولائی 2021ء )  عالمی وباء کورونا وائرس سے پاکستان میں مزید 45 افراد جاں بحق ہوگئے ، جس کے بعد ملک میں کورونا سے اب تک ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 23 ہزار 16 ہوچکی ہے۔تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مزید 2 ہزار 819 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے ساتھ ہی ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 4 ہزار 694 ہوگئی جب کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پاکستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 32 فیصد رہی جہاں 37 ہزار 690 نئے ٹیسٹ کیے گئے اور ملک میں اس وقت فعال کورونا کیسز کی تعداد 55 ہزار 720 تک پہنچ چکی ہے۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں صوبہ سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 64 ہزار 784 ہوچکی ہے ، صوبہ خیبر پختونخوا میں یہ تعداد ایک لاکھ 41 ہزار 627 ہے جب کہ صوبہ پنجاب میں اب تک 3 لاکھ 52 ہزار 682 افراد کورونا میں مبتلاء ہوچکے ہیں ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یہ تعداد 85 ہزار 519 بتائی گئی ہے ، اسی طرح صوبہ بلوچستان میں کورونا نے 29 ہزار 494 افراد کو اپنی لپیٹ میں لیا ، آزاد کشمیر میں 22 ہزار 886 اور گلگت بلتستان میں 7 ہزار 702 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

این سی او سی سے مزید یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئیں جہاں اب تک 10 ہزار 939 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ صوبہ سندھ میں 5 ہزار 814 افراد کورونا کی وجہ سے لقمہ اجل بن چکے ہیں ، صوبہ خیبرپختونخوا میں یہ تعداد 4 ہزار 417 ہے ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا سے 792 زندگیوں کا خاتمہ ہوگیا ، گلگت بلتستان میں کورونا سے 122، صوبہ بلوچستان میں 322 اور آزاد کشمیر میں 610 افراد جاں بحو ہوچکے ہیں۔