یکم محرم 1443ھ سے بیرون سعودی عرب عمرہ سیزن کھولا جا رہا ہے،سعودی عرب

عمرہ سیزن سے استفادہ کرنے کے لیے صحت اور سلامتی سے متعلق قواعد وضوابط کی پیروی کو یقینی بنایا جائیگا ، علی العمیری

اتوار 25 جولائی 2021 22:10

یکم محرم 1443ھ سے بیرون سعودی عرب عمرہ سیزن کھولا جا رہا ہے،سعودی عرب
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) قومی کمیٹی برائے حج وعمرہ کے رکن ھانی علی العمیری نے بتایا ہے کہ سعودی حکومت نے یکم محرم 1443ھ سے بیرون سعودی عرب کے معتمرین کے لئے عمرہ سیزن کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اس مقصد کیلئے بیرون ملک سے متعمرین کے استقبال اور مسجد حرام میں نمازوں کی ادائی کا شیڈول ترتیب دینے کیلئے 500 عمرہ کمپنیاں معتمرین کو خوش آمدید کہنے کی تیاری میں مصروف ہیں،عمرہ سیزن سے استفادہ کرنے کے لیے صحت اور سلامتی سے متعلق قواعد وضوابط کی پیروی کو یقینی بنایا جائیگا تاکہ بیرون ملک سے عمرہ کی غرض سے مملکت آنے والے اللہ کے مہمان سکون اور حفاظت سے عبادت کر سکیں۔

ھانی علی العمیری نے بتایا کہ عمرہ کی 6000 غیر ملکی کمپنیاں ہیں۔

(جاری ہے)

نیز 30 آن لائنز پورٹلز کے ذریعے عمرہ کے دوران رہائش کا انتظام کیا جا سکے گا۔ سعودی وزارت حج اور عمرہ کے منظور شدہ اور بااعتماد پورٹلز کے ساتھ B2B اور B2C شرائط کے تحت آن بکنگ، رہائش اور سفری سہولیات حاصل کی جا سکیں گی۔نوٹی فکیشن کے مطابق 9 ممالک کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک کے زائرین کو عمرہ ادا کرنے کی مشروط اجازت ہوگی۔

سعودی عرب کی جانب سے جن ممالک کے عازمین پر عمرہ ادائیگی کی پابندی عائد کی گئی، اُن میں پاکستان، بھارت، انڈونیشیا، مصر ترکی، ارجنٹائن، برازیل، جنوبی افریقہ اور لبنان شامل ہیں۔نوٹی فکیشن کے مطابق پابندی والےممالک کے خواہش مند زائرین ایک ہی صورت میں آسکتے ہیں، جس کے تحت وہ کسی تیسرے ملک میں 14 روز قرنطینہ کریں اور پھر مملکت میں داخل ہوں۔ سعودی عرب نے سائنو فام، سائنو ویک، فائزر، موڈیرنا، آسٹرزینیکا ویکسین کی دو خوراکوں اور جانسن اینڈ جانسن کی ایک بوسٹر کو لازمی قرار دیا ہے۔