سندھ میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات بھی مذاق بن گئے ، پرچہ آؤٹ، نقل عروج پر

انتظامیہ نقل کی روک تھام میں ناکام رہی سکھر، نواب شاہ اورلاڑکانہ میں پرچہ آؤٹ ہوااور واٹس ایپ گروپ پر گردش کرتا رہا

پیر 26 جولائی 2021 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) سندھ میں میٹرک کی طرح انٹرمیڈیٹ کے امتحانات بھی مذاق بن گئے، پیپر وقت سے ہی قبل واٹس ایپ گروپوں کے ذریعے طلبہ تک پہنچا اور امتحانی مراکزپر نقل بھی عروج پر رہی۔تفصیلات کے مطابق سندھ بھرمیں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا آغاز ہوگیا، تاہم انتظامیہ نقل کی روک تھام میں ناکام رہی سکھر، نواب شاہ اورلاڑکانہ میں پرچہ آؤٹ ہوااور واٹس ایپ گروپ پر گردش کرتا رہا۔

انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں بھی انتظامیہ کے نقل کی روک تھام کے دعوے صرف دعوے ہی رہے، لاڑکانہ میں فزکس کا پرچہ واٹس ایپ گروپوں میں دستیاب تھا جبکہ امتحانی مراکزپرنقل بھی عروج پررہی۔سکھرمیں نقل مافیا سرگرم رہی اور فزکس کا پرچہ آٹ ہوگیا تاہم امتحان کے دوران بیشترامتحانی مراکز پر سہولیات کا فقدان رہا ، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث طلبا گرمی سے بے حال رہے۔

(جاری ہے)

نوابشاہ میں بھی طبعیات کا پرچہ ٹائم سے پہلے ہی واٹس ایپ گروپوں میں گردش کرتا رہا اور امتحانی مراکزکے باہرسہولت کاروں کاہجوم رہا، اسی طرح حیدرآباد میں بھی پیپرآؤٹ ہوا جبکہ امتحانی مراکز کے گیٹ پرچیکنگ کے دوران طلبہ سے موبائل فون برآمد کرلئے گئے۔خیرپور،شکارپور،عمرکوٹ اورنوشروفیروزمیں بھی نقل مافیا بے لگام رہی اور پیپرشروع ہونے سے پہلے سوشل میڈیا کی زینت بن گیا۔خیال رہے 12ویں جماعت کا آج پہلاپرچہ تھا ، جس کا دورانیہ 2گھنٹے تھا ، رواں برس صرف اختیاری مضامین کاپرچہ لیاجارہاہے ، 12ویں جماعت کے پری میڈیکل کے طلبا 4 اور پری انجینئرنگ کے طلبا 3 پرچے دیں گے۔