عمران خان کشمیری عوام کے دلوں میں بستے ہیں ‘ سرداردوست محمد مزاری

اپوزیشن مانے یا نہ مانے لیکن اب انہیں تسلیم کر لینا چاہیے وہ ہار چکی ہے‘ڈپٹی سپیکر

منگل 27 جولائی 2021 15:59

عمران خان کشمیری عوام کے دلوں میں بستے ہیں ‘ سرداردوست محمد مزاری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سرداردوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ عمران خان کشمیری عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور اس بات کا ثبوت کشمیریوں نے بلے پر مہر لگا کر دے دیا ہے۔اپوزیشن مانے یا نہ مانے لیکن اب انہیں تسلیم کر لینا چاہیے کہ وہ ہار چکی ہے اور کشمیری عوام نے تبدیلی کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھرپور کامیابی بلا شبہ وزیرِ اعظم عمران خان پر کشمیری عوام کے مکمل اعتماد کا اظہار ہے اور انہوں نے ووٹ کے ذریعے ثابت کیا ہے کہ عمران خان ہی کشمیر کے اصل سفیر ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیریوں نے پاکستان تحریکِ انصاف کو ووٹ دے کردرحقیقت عمران خان کی پالیسیوں کو تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے دھونس اور دھاندلی سے الیکشن متنازعہ بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی تھی لیکن کشمیری عوام نے انتشار اور فساد پر مبنی سیاست کرے والوں پر واضح کر دیا ہے کہ ان کا اب ملکی سیاست میں کوئی مستقبل نہیں، یہی وجہ ہے کہ اپوزیشن کا بیانیہ ناکام ہونے پر انہوں نے دھاندلی کا راگ الاپنا شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کشمیریوں سے کیے تمام وعدے پورے کریں گے اور کشمیر کی آواز کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کیا جائے گا۔