آئی ٹی سیکٹر میں پاکستان کی برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئیں

حکومت کی نئی معاشی کے ثمرا آناشروع، پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات میں 47.7 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہو گیا، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 27 جولائی 2021 19:37

آئی ٹی سیکٹر میں پاکستان کی برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 27جولائی 2021) حکومت کی نئی معاشی کے ثمرا آناشروع، پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات میں 47.7 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ، آئی ٹی سیکٹر میں پاکستان کی برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گزشتہ مالی سال میں آئی ٹی برآمدات نے 2 ارب ڈالر کی سطح عبور کی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارتِ تجارت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 21-2020 میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات 2 ارب 12 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں جو اس سے پہلے والے سال کے دوران ایک ارب 44 کروڑ ڈالر تھی۔وزیر اعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ میں ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ برآمدات کے 2 ارب ڈالر کی سطح عبور کرنے پر آئی ٹی برآمد کنندگان کو مبارک باد دینا چاہتا ہوں۔

(جاری ہے)

عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ انہوں نے آئی ٹی پروفیشنلز اور کاروباری افراد کی صلاحیتوں پر ہمیشہ اعتماد کیا ہے، آپ نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور میں آپ کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں تاکہ آپ اپنی برآمدات کو مزید بڑھائیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کی برآمدات بڑھانے کے لیے مالی سال 22-2021 کے بجٹ میں حکومت نے ٹیکسز اور برآمدات کے طریقہ کار میں متعدد مراعات دی ہیں۔

دوسری جانب دورہ ازبکستان اور سرمایہ کاروں کی جانب سے مثبت نتائج کی توقعات کے بعد مشیر تجارت نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو دو طرفہ تعاون اور تجارتی معاہدے کے حوالے سے آگاہ کیا۔اس ضمن میں جاری سرکاری بیان میں کہا گیا کہ عبدالرزاق داؤد نے وزیر اعظم کو وسط ایشیائی ریاستوں خاص طور پر تاجکستان کے آئندہ دورے کی حکمت عملی، سرمایہ کاری اور تجارت کے اثرات کے حوالے سے آگاہ کیا۔انہوں نے وزیراعظم کو رواں ہفتے ہونے والے بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) کے اجلاس اور رواں ماہ متعدد چیمبرز آف کامرس کے ساتھ متوقع سیشن پر بریفنگ دی۔