سیالکوٹ ضمنی الیکشن، پنجاب کی حالیہ سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ

تحریک انصاف نے ن لیگ کی مضبوط ترین نشست پی پی 38 چھین لی، حکمراں جماعت کے امیدوار 62 ہزار سے زائد ووٹ لے کر فتحیاب، لیگی امیدوار 53 ہزار 471 ووٹ حاصل کر سکے

muhammad ali محمد علی بدھ 28 جولائی 2021 20:50

سیالکوٹ ضمنی الیکشن، پنجاب کی حالیہ سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جولائی2021ء) سیالکوٹ ضمنی الیکشن، پنجاب کی حالیہ سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ، تحریک انصاف نے ن لیگ کی مضبوط ترین نشست پی پی 38 چھین لی، حکمراں جماعت کے امیدوار 62 ہزار سے زائد ووٹ لینے میں کامیاب ۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں ہونے والی پولنگ کے بعد غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ ختم ہو گیا۔

اطلاعات کے مطابق اب تک 165 میں سے تمام پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آچکے ہیں ، جن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار 62 ہزار سے زائد ووٹ لے کر فتحیاب قرار پائے، جبکہ لیگی امیدوار طارق سبحانی 53 ہزار 471 ووٹ حاصل کر سکے، یوں حکمراں جماعت نے یہ ضمنی الیکشن جیت لیا، تاہم سرکاری اعلان ہونا باقی ہے۔

(جاری ہے)

ضمنی الیکشن کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے حوالے سے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی پی 38 میں بلے نے شیر کی ٹانگیں توڑ دیں، آرکریں گے پار کریں گے، شیر کے ٹکڑے 4 کریں گے۔ اس سے قبل حلقے میں ضمنی انتخاب کیلئے ووٹنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی تاہم ووٹنگ سے قبل بارش کے باعث بعض مقامات پر عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس سے پولنگ کا عمل جزوی طور پر متاثر ہوا۔

ضمنی انتخاب کے دوران پی ٹی آئی اور نون لیگی کارکن بھی آمنے سامنے آئے۔پولنگ اسٹیشن وارڈ 122 اور 123 پر پاکستان تحریکِ انصاف اور مسلم لیگ نون کے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی۔ پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول میں رینجرز نے مشتعل کارکنان میں بیچ بچائوکرایا۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں اور رینجرز نے صورتِ حال پر قابو پا لیا اور پولنگ کا عمل بلا تعطل جاری رہا۔

خیال رہے کہ یہ نشست مسلم لیگ ن کے چودھری خوش اختر سبحانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی ، پنجاب اسمبلی کے حلقہ 38 پر کل 8 امیدوار ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں لیکن پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ حلقہ پی پی 38 میں کل ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار 422 ہے، جن کے لئے 165 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ، حلقہ میں مردوں کیلئے 262 اور خواتین کیلئے 225 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے۔