طوفانی بارشوں کے بعد تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم

ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے، دریائے سندھ کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا الرٹ جاری

muhammad ali محمد علی جمعرات 29 جولائی 2021 00:12

طوفانی بارشوں کے بعد تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم
صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جولائی2021ء) طوفانی بارشوں کے بعد تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم، ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے، دریائے سندھ کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا الرٹ جاری ۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری مون سون بارشوں کے باعث ملک کے اہم ترین تربیلا ڈیم میں مزید پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم ہو گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بدھ 28 جولائی کو خیبرپختونخواہ کے ضلع صوابی میں واقع تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1502 فٹ تک پہنچ گئی جس کے بعد ڈیم میں مزید پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم ہو گئی۔

ڈیم میں پانی کی آمد نہ رکنے کے باعث ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے۔ انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کے بعد ڈیم سے 95 ہزار کیوسک پانی خارج ہورہا ہے جبکہ ڈیم میں پانی کی آمد 2 لاکھ 73 ہزار کیوسک ہے۔

(جاری ہے)

تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کے بعد دریائے سندھ کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بھی پیدا ہو گیا جس کے بعد ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔

دریائے سندھ کے کنارے مقیم آبادی کو ممکنہ سیلاب سے متعلق الرٹ کرتے ہوئے محتاط رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔ دوسری جانب جڑواں شہروں اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں مون سون بارشوں کے حالیہ سلسلے سے پیدا ہونے والی کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاک بحریہ نے آپریشن مدد کا آغاز کردیا ۔ ترجمان پاک بحریہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ نے جڑواں شہروں اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں مون سون بارشوں کے حالیہ سلسلے سے پیدا ہونے والی کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے آپریشن مدد کا آغاز کردیا ہے۔

ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کی ٹیمیں سیلاب سے بچا ئو کیلئے مقامی انتظامیہ کو معاونت فراہم کریں گی،یہ ٹیمیں غوطہ خوروں، پیرا میڈیکل اسٹاف، کشتیوں اور خصوصی آلات سے لیس ہیں۔ترجمان کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں کیلئے بھی ایسی ٹیموں کی تشکیل جاری ہے۔