امارات میں مقیم تمام ڈاکٹرز کو 10 سال کا گولڈن ویزہ جاری کرنے کا اعلان ہو گیا

اس سہولت سے ہزاروں پاکستانی ڈاکٹرز بھی مستفید ہو سکیں گے، اہل خانہ بھی ساتھ رہائش اختیار کر سکیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 29 جولائی 2021 12:54

امارات میں مقیم تمام ڈاکٹرز کو 10 سال کا گولڈن ویزہ جاری کرنے کا اعلان ..
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جولائی2021ء ) متحدہ عرب امارات کا گولڈن ویزہ دُنیا بھر کے پروفیشنلز کی نگاہوں اور اُمیدوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اس ویزے کی بدولت امارات میں پانچ سال یا دس سال تک قیام ممکن ہو جاتا ہے۔ اس حوالے سے امارات میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرز سمیت تمام ہیلتھ پروفیشنلز کے لیے انتہائی شاندار خبر آ گئی ہے۔ اماراتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ یو اے ای میں طبی خدمات انجام دینے والے تمام ڈاکٹروں کو 10 سال کے لیے گولڈن ویزہ جاری کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ ان کے اہل خانہ کو بھی امارات میں ان کے ساتھ قیام کی اجازت ہو گی اور دیگر مراعات بھی حاصل ہو جائیں گی۔ اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیر اعظم اور دُبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اس فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد امارات میں مقیم تمام ڈاکٹرز کو جلد گولڈن ویزے جاری کر دیئے جائیں گے۔

اماراتی حکومت نے مملکت میں مقیم تمام غیر ملکی ڈاکٹرز کو گولڈن ویزے جاری کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں اور ڈاکٹرز کو ہدایات جاری کی ہے کہ وہ گولڈن اقامے کے حصول کے لیے درخواست جمع کر وا دیں۔ شیخ محمد بن راشد المکتوم نے غیر ملکی ڈاکٹرز کے لیے اس شاندار سہولت کا اعلان کرنے کے موقع پر ان کی کورونا کے خلاف لڑائی میں شاندار خدمات کا اعتراف بھی کیا۔

اماراتی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امارات میں مقیم وہ تمام ڈاکٹرز جن کے پاس میڈیکل اتھارٹی کی جانب سے اجازت نامہ ہے وہ ستمبر 2021تک گولڈن اقامے کے حصول کے لیے آن لائن درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ امارات کی تمام ریاستوں میں قائم ویزہ ڈیپارٹمنٹس کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ لائسنس ہولڈرز ڈاکٹرز سے گولڈن اقامے سے متعلق درخواستوں کی وصولی کا کام شروع کر دیں۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل اماراتی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ دُنیا بھر کے ایک لاکھ پروگرامرز کو بھی گولڈن ویزہ جاری کیا جائے گا۔ تاکہ امارات میں اگلے پانچ برس کے دوران ایک ہزار ڈیجیٹل کمپنیاں قائم کرنے کا ہدف پورا کیا جا سکے۔ یہ گولڈن ویزے پروگرامنگ انجینیئرنگ کے کسی ایک شعبے میں ڈگری ہولڈرز، کمپیوٹر سائنس، آلات کی انجینیئرنگ، کمپیوٹر انجینیئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس، ہیوی ڈیٹا اور الیکٹرانک انجینیئرنگ میں ڈگری رکھنے والوں کو جاری ہوں گے۔