اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 29 جولائی 2021ء) قصے، کہانیوں کے لیے مغربی جرمنی کے معروف علاقے بلیک فاریسٹ کے پاس واقع چھوٹے سے شہر بلوم برگ میں بدھ اٹھائیس جولائی کو ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا۔ تعمیراتی کام کا ایک ٹھیکیدار اپنے کام کی درست وقت پر اجرت نہ ملنے پر کافی نالاں تھا۔ اتنا نالاں کہ وہ بھاری برکم عمارات منہدم کرنے والے اوزاروں سے لیس گاڑی میں سوار ہوا اور زیر تعمیر کمپلیکس میں تباہی مچا ڈالی۔
ٹِک ٹاک ویڈیو بناتے وقت دو لڑکیوں نے کئی ٹَن گھاس جلا دی
الیکٹرک بائیک کی بیٹری پھٹنے سے مکان تباہ، دو لاکھ یورو کا نقصان
قید سے بچانے کے لیے سابق پولش فوجی اپنا پالتو چیتا لے کر فرار
مذکورہ زیر تعمیر رہائشی کمپلیکس میں لگ بھگ تیس مکانات ہیں۔
(جاری ہے)
ان سب ہی پر کام جاری تھا۔ ملزم نے اپنی گاڑی میں سوار ہو کر گاڑی اس طرح چلائی کہ زیر تعمیر مکانات کے باہری حصے سے جڑی ہر چیز روندتا چلا گیا۔
دروازے، بالکونیاں سب برباد ہو گئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جس وقت وہ یہ کارروائی کر رہا تھا، محلے کے درجنوں افراد یہ سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے تھے۔ یعنی اس عمل کے چشم دید گواہوں کی بھی کوئی کمی نہیں۔پولیس
کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا، ''عمارت میں کوئی موجود نہ تھا لیکن یہ مناظر دیکھنے کے لیے پچاس کے قریب لوگوں کا مجمع لگ گیا تھا۔‘‘بعدازاں پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر پورے علاقے کو بند کرا دیا۔ اس زیر تعمیر رہائشی کمپلیکس کے گیراج میں گیس کے سیلنڈر ذخیرہ تھے اور حکام کو خدشہ تھا کہ کہیں ان میں آگ نہ بھڑک اٹھے۔ ملزم کی کارروائی میں یہ حصہ بھی بری طرح متاثر ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق عمارات کو جو نقصان پہنچا ہے، اس کی مالیت قریب پانچ لاکھ یورو بنتی ہے۔
اپنا غصہ نکالنے اور توڑ پھوڑ کرنے کے بعد مذکورہ شخص اپنی گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہو گیا تھا۔ تاہم کچھ ہی دیر بعد اس نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ اس پر پراپرٹی کو نقصان پہنچانے کی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
ع س / ا ا (ڈی پی اے)