نارکوٹکس ایریڈیکشن ٹیم صوابی نیٹ کی کارروائی ،مکان سے لاکھوں روپے مالیت کی آئس، ہیروئن برآمد کرلی گئی

جمعہ 30 جولائی 2021 17:52

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2021ء) نارکوٹکس ایریڈیکشن ٹیم صوابی نیٹ نے ایک کامیاب کاروائی کے دوران ایک مکان سے لاکھوں روپے مالیت کے 01 کلو 06 گرام آئس اور 80گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ ڈی پی او آفس سے جاری پر یس ریلیز کے مطابق آئی جی خیبر پختونخواہ معظم جاہ کے وژن ''منشیات سے پاک خیبرپختونخوا'' کے تحت منشیات کے خاتمے کے لیے نارکوٹکس ایریڈیکشن ٹیم صوابی نیٹ کی کاروائیاں جاری ہے۔

اس سلسلے میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواء اور آر پی او مردان یاسین فاروق کی وضع کردہ احکامات کے پیش نظر ڈی پی او صوابی محمد شعیب خان کی ہدایات پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز نورالامین کی قیادت میں انچارج نیٹ انسپکٹر اکبر علی خان بمعہ ٹیم نے ایک منشیات فروش کے گھر پر کامیاب چھاپہ زنی کرکے گھر سے لاکھوں روپے مالیت کا لعنتی نشہ آور شے یعنی 1006 گرام آئس اور 80گرام ہیروئن برآمد کیا۔

(جاری ہے)

جبکہ منشیات فروش عامر پولیس چھاپے سے پہلے نزدیک گنجان آباد علاقے کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے رفو چکر ہوا جس کی گرفتاری جلد ہی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی پی او صوابی محمد شعیب خان نے موت کے سوداگروں کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے علاقہ معززین سے تعاون کرنے کی اپیل کی ہے انہوں نے مزید کہا کہ صوابی پولیس کی شہر بھر میں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف مسلسل کاروائیاں جاری ہیں۔منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔شہر کو ڈرگ فری سٹی بنایا جائے گا جب کہ شہر میں جرائم پیشہ افراد کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔صوابی پولیس شہر سے جرائم کے خاتمے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔