قو م نا اہل اور ناقابل حکومت کا بوجھ اٹھا رہی ہے

سب مل کر بزدار کو بھگا سکتے ہیں اور عمران خان کو بھی ہٹا سکتے ہیں،بلاول بھٹو

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 4 اگست 2021 06:38

قو م نا اہل اور ناقابل حکومت کا بوجھ اٹھا رہی ہے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 اگست 2021ء ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایک مرتبہ پھر پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کا حصہ بننے کا اشارہ دے دیا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب ملکر کام کریں تو پنجاب میں بزدار کو بھگا سکتے ہیں، وفاق میں عمران خان کو بھی ہٹا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن کی دیگر جماعتیں حکومت کو نہیں ہٹا سکتیں تو میں زبردستی تو نہیں کر سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ جمہوری، پارلیمانی طریقے سے حکومت کو ٹف ٹائم دے سکتے ہیں، اپوزیشن کے دوستوں کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے، اپوزیشن کے دوستوں کو پیغام دوں گا کہ پارلیمانی طریقہ کار اپنایا جائے۔بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر حکومت پر آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے انتخابات میں وفاقی وزیر نے پیسے بانٹے، ماضی میں کبھی کشمیر کی تاریخ میں بھی اس طرح کی دھاندلی نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خان صاحب کی حکومت میرے جیالوں کو پکڑے یہ برداشت نہیں کریں گے، نہ ماضی میں پیپلزپارٹی نے سیاسی انتقام برداشت کیا نہ آج کرے گی۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کے کھوکھلے وعدے کاغذ کے ٹکڑے پربھی لکھنے کے قابل نہیں ہیں۔ بلاول بھٹو نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی ناامیدی کا سبب وہ شخص ہے جس نے عوام کو 50 لاکھ گھر اورایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا۔

بلاول بھٹو نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قوم نا اہل اور ناقابل حکومت کا بوجھ اٹھا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہر لحاظ سے ناکام ہو چکی ہے۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ سلیکٹڈ نے قوم کو درپیش سب سے بڑے چیلنج کی طرف سے آنکھیں بند کردی ہیں۔