وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ کہا ہے کہ افغان تنازع کا صرف سیاسی حل ہے، ہندوستان افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے، ڈاکٹر معید یوسف کا ’’سی این این‘‘ کو انٹرویو

جمعہ 13 اگست 2021 23:21

اسلام آباد۔13اگست  (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔13 اگست 2021ء ) :وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ کہا ہے کہ افغان تنازع کا صرف سیاسی حل ہے،ہندوستان  افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔جمعہ کو  امریکی نشریاتی ادارے’’سی این این‘‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں افغان صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ پاکستان افغان جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، دنیا کو افغان حکومت سے سوال کرنا چاہیے کہ اربوں ڈالر کہاں گئے؟۔

ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ پاکستان افغان حکومت کی ناکامی کا ذمہ دار نہیں ہے،کابل حکومت کے سکیورٹی انفراسٹرکچر کے غیر فعال ہونے کا ذمہ دار پاکستان نہیں ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ کہا ہے کہ افغان تنازع کا صرف سیاسی حل ہے ،ایسے میں  دنیا افغانستان کو تنہا نہ چھوڑے ۔انہوں نے کہا کہ کابل حکومت کو ٹویٹر پر پاکستان مخالف مہم چلانے کی بجائے لڑنے پر توجہ دینی چاہیے،ڈاکٹر معید یوسف نے  پاکستان کے اندر دہشت گردوں کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ بے شک  افغان ہمارے بھائی بہن ہے مگر پاکستان اور افغان مہاجرین کو پناہ میں  نہیں لے سکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔