سابق پارلیمنٹرین اور جی ایم سید کے صاحبزادے سید امیر حیدر شاہ انتقال کر گئے

جمعہ 20 اگست 2021 14:15

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2021ء) سندھ سے سابق رکن قومی وصوبائی اسمبلی سید امیر حیدر شاہ 89سال کی عمر میں انتقال کرگئے ، وہ سانس کی تکلیف کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں داخل تھے سید امیر حیدر شاہ ،سندھ میں قوم پرست تحریک کے بانی جی ایم سید کے صاحبزادے اور خاندانی وارث تھے اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ کے چچا اور سسر تھے۔

(جاری ہے)

ان کے ایک بھتیجے قوم پرست رہنما سید زین شاہ جو بحریہ ٹاؤن واقعہ میں جیل میں بند تھے ان کو کراچی جیل سے پیرول پر رہا کردیا گیا ہے۔ سید امیر حیدر شاہ 3جولائی 1932ءکو ضلع جام شورو میں پیدا ہو ئے تھے انہوں نے 1964ءمیں دادو سے قومی اسمبلی کے انتخاب میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی کے والد کو شکست دی اور1990ءمیں موجود ہ وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کے والد سابق وزیر اعلیٰ سندھ مرحوم عبداللہ شاہ کو شکست  دیکر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہو ئے تھے ۔کراچی سے  ان کی میت  جنازہ و تدفین کے لیے آبائی گاؤں ،سن،ضلع جام شورو پہنچا دی گئی ہے۔