بیڈ منٹن فیڈریشن کی سندھ دشمنی،من پسند افراد کو با اختیار بنا دیا

سندھ اسپورٹس بورڈ اور سندھ حکومت کو گمراہ کیا جا رہا ہے ،سندھ بیڈ منٹن ایکشن کمیٹی

جمعرات 26 اگست 2021 19:33

بیڈ منٹن فیڈریشن کی سندھ دشمنی،من پسند افراد کو با اختیار بنا دیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اگست2021ء) سندھ بیڈ منٹن ایکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ سندھ میں اس وقت کسی صوبائی بیڈ منٹن ایسوسی ایشن کا وجود نہیں ہے،چند نام نہاد لوگ اپنی طرف سے سندھ بیڈ منٹن ایسوسی ایشن بناکر نا صرف سندھ اسپورٹس بورڈ بلکہ سندھ حکومت اور کھلاڑیوں کو گمراہ کر رہے ہیں ۔اس ضمن میں سندھ بیڈ منٹن ایکشن کمیٹی نے بیان جاری کرتے ہوئے سندھ اولمپک ایسوسی ایشن اور سندھ اسپورٹس بورڈ سے نوٹس لینے مطالبہ کیا ہے ،ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس وقت سندھ میں کسی صوبائی بیڈ منٹن ایسوسی ایشن کا کوئی وجود نہیں ہے ،چند لوگ پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن کی ’’زبانی آشیرباد‘‘ ملنے پر خود کو سندھ بیڈ منٹن ایسوسی ایشن کے عہدے دار ظاہر کر کے سندھ اسپورٹس بورڈ ،سندھ حکومت ،محکمہ کھیل ،سندھ اولمپک ایسوسی ایشن اور کھلاڑیوں کو بھی گمراہ کر رہے ہیں،بیڈ منٹن کھلاڑیوں کے والدین بھی پریشان ہیں کہ وہ نیشنل ایونٹس میں شرکت کے لئے کس کی ذمہ داری پربچوں کو بھیجیں جب کہ کوئی ایسوسی ایشن ہی نہیں ہے،دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کی نامزدگی کے حوالے سے فیڈریشن نے بھی کوئی نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

ہمارا کہنا ہے کہ سندھ میں حالیہ ایک سال میں سندھ بیڈ منٹن ایسوسی ایشن کے الیکشن ہوئے اور نا ہی فیڈریشن کی جانب سے الیکشن کا کوئی نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا،من پسند لوگوں کو ’’زبانی آشیرباد ‘‘ دے کر سندھ میں کھیل کو برباد کرنے کا اختیار دے دیا جس کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔جب سندھ میں صوبائی بیڈ منٹن ایسوسی ایشن کے الیکشن ہی نہیں ہوئے تو ایسوسی ایشن کہاں سے وجود میں آگئی اگر الیکشن ہوئے ہیں تو سندھ اولمپک ایسوسی ایشن اور سندھ اسپورٹس بورڈ کے کس نمائندہ نے آبزرو کیا کیا الیکشن سے قبل فیڈریشن کی جانب سے کوئی تاریخ دی گئی ،میڈیا کو مطلع کیا گیا ،کوئی الیکشن کمیشن نامزد کیا گیا الیکشن میں سندھ کے کن کن ڈویژن نے شرکت کی کیا الیکشن کے بعد فیڈریشن کی جانب سے کامیاب عہدے داروں کے ناموں کاا علان کیا گیا کیا پچھلے سیکریٹری نے الیکشن میٹنگ میں باضابطہ طور پر چارج نئے سیکریٹری کے حوالے کیا کیا سندھ اولمپک اور سندھ اسپورٹس بورڈ کو الیکشن کے حوالے سے مطلع کیا گیا جب ایسا کچھ ہوا ہی نہیں تو سندھ بیڈ منٹن ایسوسی ایشن کس طرح وجود میں آگئی ایکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ نام نہاد سندھ بیڈ منٹن ایسوسی ایشن کے عہدے دار سندھ اسپورٹس بورڈ اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن سے غیر قانونی طور پر الحاق مانگ رہے ہیں جو کسی طور کھیل کی روح کے مطابق نہیں ہے ۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ ایسے لوگوں پر کھیل کے کاز کو نقصان پہنچانے اور کھلاڑیوں کو گمراہ کرنے پر پابندی عائد کی جائے ،سندھ بیڈ منٹن ایسوسی ایشن کے فی الفور الیکشن کرائے جائیں جس میں سندھ اولمپک ایسوسی ایشن اور سندھ اسپورٹس بورڈ اپنے آبزرور نامزد کرے ۔