متحدہ علماء محاذ کے تحت فرقہ وارانہ سازشوں کیخلاف شیعہ سنی علماء کا اجلاس

شیعہ سنی فسادات کی سازشیں 1983میں کامیاب ہوئی تھیں اور نہ آج کامیاب ہونے دینگے،علامہ عبدالخالق فریدی

بدھ 8 ستمبر 2021 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2021ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر مرکزی چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی کی زیر صدارت کراچی میں حالیہ فرقہ وارانہ سازشوں کے خلاف شیعہ سنی علماء کا اجلاس مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں منعقد ہوا جس میں آل سندھ علماء ذاکرین فیڈریشن کے سربراہ اور محاذ کے سینئر نائب صدر علامہ سید سجاد شبیررضوی ، مفتی وجیہہ الدین ، علامہ ڈاکٹر شاہ فیروزالدین رحمانی، علامہ مرتضیٰ خان رحمانی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک مرتبہ پھر امریکی و استعماری قوتیں شیعہ سنی فسادات کے ذریعے ملکی امن و استحکام کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں۔

شیعہ سنی فسادات کی سازشیں 1983میں کامیاب ہوئی تھیں اور نہ آج اعتدال پسند صلح جو علماء مشائخ کامیاب ہونے دینگے۔

(جاری ہے)

محب وطن شیعہ سنی علماء و عوام اہل بیت اطہار اور اصحاب رسولؐ کے تقدس و عظمت پر متفق و متحد ہیں ۔ شیعہ سنی کو باہم لڑوانے والے کسی طور بھی ملک و قوم اور اسلام کے بہی خواہ نہیں ہوسکتے۔افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد امریکی ، اسرائیلی وبھارتی ایجنسیاں پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کی سازشیں کرکے دینی قوتوں کو کمزور ومنتشر کرنا اور ان کا امن آفرین شاندار کردار کو دنیا کے سامنے داغ دار بناناچاہتے ہیں۔

علماء کرام نے 22کروڑ محب وطن عوام سے اپیل کی کہ وہ استعماری ایجنٹوں کی سازشوں سے ہوشیار رہیں اور باہمی اخوت و محبت ، صبر و تحمل،ایثار و قربانی وبرداشت کی فضاء کو برقرار رکھیں۔ اجلاس میں بلوچستان میں پاکستان دشمن قوتوں کے ہاتھوں ایف سی کے 4جوانوں کی شہادت اور 20زخمیوں کے المناک سانحہ پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان شہداء کو خراج تحسین پیش کیاگیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی گئی۔ دریں اثناء متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام 12ستمبر 21بروز اتوار مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں 6بجے شام حالیہ فرقہ وارانہ سازشوں کے خلاف شیعہ سنی جید علماء مشائخ و ذاکرین کا اہم ترین نمائندہ اجلاس منعقد ہوگا ۔