ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی بہاولنگر کا ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں اجلاس

ترقیاتی منصوبے ترتیب دیتے وقت منتخب نمائندوں سے مشاورت کی جائے اور ترقیاتی سکیموں کو مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں،چیف آرگنائزر پی ٹی آئی سیف الله نیازی

ہفتہ 11 ستمبر 2021 22:25

بہاولنگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2021ء) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی بہاولنگر کا اجلاس ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں سینیٹر وچیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ سرورخان نیازی، سینیٹر عون عباس بپی،ممبر قومی اسمبلی میاں عبدالغفار کالوکا وٹو، صوبائی وزیر زکو و عشر میاں شوکت علی لالیکا، انفارمیشن سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب سہیل خان، ٹکٹ ہولڈر چوہدری عبد اللہ وینس، سید ندیم زمان شاہ، ملک مظفر، ممتاز مہاروی، میاں طارق عثمان گدوکا، کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال، آر پی او محمد زبیر دریشک، ڈپٹی کمشنربہاول نگر شفقت اللہ مشتاق، ڈی پی اوبہاول نگر محمد ظفر بزدار اور تعمیراتی محکموں کے افسران موجود تھے۔

سینیٹر وچیف آرگنائزرپاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبے ترتیب دیتے وقت منتخب نمائندوں سے مشاورت کی جائے اور ترقیاتی سکیموں کو مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر عون عباس بپی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی محکموں کے افسران حکومت کے ویژن کے مطابق کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیمیں جلد مکمل کی جائیں تاکہ عوام ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ گراں فروشی کے خاتمہ کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام ریلیف حاصل کر سکیں۔ اجلاس میں ضلع بھر کی ترقیاتی سکیموں، پرائس کنٹرول اور خدمت آپ کی دہلیز پر کے حوالہ سے کئے جانے والے اقدامات بارے بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2021-22 کے تحت 133ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے جن کا تخمینہ لاگت 24009ملین روپے سے زائد ہے۔

نیز ضلع بھر میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت 80نئی ترقیاتی سکیموں پر جلد کام شروع کیا جائے گا جن کا تخمینہ لاگت 7994ملین روپے سے زائد ہے۔اسی طرح 49ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے جن کا تخمینہ لاگت 15939ملین روپے سے زائد ہے۔اجلاس میں ضلع بھر میں گراں فروشی کے خاتمہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اشیائے خوردونوش کی مقررہ نرخ پر فروخت کو یقینی بنانے کے لئے فیلڈ میں متحرک ہیں اور ضلع بھر میں جنوری 2021 سے 10ستمبر2021 تک پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 70499دکانوں، ریڑھیوں، مارکیٹس اور دیگر کاروباری مراکز میں جا کر اشیائے خوردونوش کے نرخ کا معائنہ کیا۔

اس دوران 16753خلاف ورزیاں پائی گئیں جس پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے موقع پر ہی مجموعی طور پر 11381646/-روپے جرمانہ کیا، 469ایف آئی آرز متعلقہ تھانوں میں درج کرائی گئیں اور 930افراد گرفتار کئے گئے۔اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب کے پروگرام خدمت آپ کی دہلیز پر کی تفصیلات بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ 31مئی 2021 سے 10ستمبر 2021 تک ضلع بھر میں خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام کے تحت 569499سرگرمیاں کی گئیں۔

اس دوران 2187شکایات رجسٹرڈ کرائی گئیں جن میں سے 2158حل کر دی گئی ہیں اور ضلع بھر میں خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام کے تحت متعلقہ ادارے فیلڈ میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ممبر قومی اسمبلی و چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی میاں عبد الغفار کالوکا وٹو نے تعمیراتی محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیمیں اعلی معیار کے ساتھ بروقت مکمل کی جائیں اور حکومت کے ویژن کے مطابق کام کیا جائے تاکہ لوگوں کو ریلیف حاصل ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ تعمیراتی محکموں کے افسران فیلڈ میں جا کر ترقیاتی کاموں کا معائنہ کریں اور تمام ترقیاتی منصوبے اعلی معیار کے ساتھ مکمل کئے جائیں۔