مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ، پاکستان نے دنیا کی آگاہی کیلئے ڈوزیئر پیش کردیا

131 صفحات پر مشتمل اس ڈوزیئر کے 3 باب ہیں ، ڈوزیئر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں براہ راست ملوث 1128 افراد کی نشاندہی کی گئی ہے، ان میں بھارتی فوج کے میجر جنرل ، بریگیڈیئر اور دیگر سینیئر افسران شامل ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 12 ستمبر 2021 14:09

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ، پاکستان نے دنیا کی آگاہی کیلئے ڈوزیئر پیش ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 ستمبر 2021ء ) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال سے دنیا کی آگاہی کیلئے ڈوزیئر پیش کردیا ، جس سے مقبوضہ کشمیر کے 89 گاؤں میں بھارتی افواج کی جانب سے بے گناہ کشمیریوں کو قتل کرنے کے بعد بنائی گئی 8652 اجتماعی قبروں کا انکشاف ہوگیا ، 2014 کے بعد 30 ہزار افراد کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ڈوزیئر پیش کیا اور کہا کہ ڈوزیئر میں ان 1128 افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جو انسانی حقوق کی پامالیوں میں براہ راست ملوث رہے ہیں ، ان میں بھارتی فوج کے میجر جنرل ، بریگیڈیئر اور دیگر سینیئر افسران شامل ہیں، اس ڈوزیئر میں ماورائے عدالت قتل، پیلٹ گنز کا استعمال، خواتین کی بے حرمتی اور جلائی گئی املاک کا بھی ذکر ہے ، ڈوزیئر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں پیلٹ گنز کا استعمال ، متاثرہ بچوں کی ویڈیوز اور کیمیکل ہتھیاروں کو استعمال کرنے کے ثبوت بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر ڈوزئیر تیار کرلیا ہے، 131 صفحات پر مشتمل اس ڈوزیئر کے 3 باب ہیں ، پہلے باب میں بھارت کے جنگی جرائم ، دوسرے باب میں فالس فلیگ آپریشنز جب کہ تیسرے باب میں سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بھارت کی مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشششوں کا ذکر ہے ، ڈوزیئر میں 113 حوالے دیئے گئے ہیں، اس میں عالمی اور بھارتی اداروں کے حوالے شامل ہیں ، تیار کئے گئے ڈوزئیر میں انسانی حقوق کی 32 تنظیموں کی رپورٹس ہیں، مقبوضہ کشمیر میں معصوم لوگوں کو پھنسایا جاتا ہے، ان کے گھروں میں اسلحہ رکھا جاتا ہے، ڈوزیئر میں فالس فلیگ آپریشنز اور جعلی مقابلوں کے بارے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔