جماعت اسلامی کی شاندار انتخابی پیش رفت پر اہل کراچی کا شکریہ ،ْحافظ نعیم الرحمن

عوام نے حکومتی جماعتوں کو مسترد کردیا ،فوری بلدیاتی انتخابات کا انعقاد اور بااختیار شہری حکومت قائم کی جائے،امیرجماعت اسلامی

اتوار 12 ستمبر 2021 22:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2021ء) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدواروں کی شاندار انتخابی پیش رفت پر اہل کراچی کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ کراچی نہ صرف جاگ رہا ہے بلکہ اپنی اصل کی طرف لوٹ رہا ہے اور آئندہ بلدیاتی انتخاب ہمارا ہوگا،ان شاء اللہ!۔جماعت اسلامی نے 6نشستوں پر بھرپور کامیابی جبکہ 8نشستوں پر معمولی فرق سے دوسری پوزیشن پر رہی جب کہ وائس چیئرمین کے انتخابات میں جماعت اسلامی اہم اور کلیدی کردار اداکر ے گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کارکنان جماعت اسلامی کو دن رات محنت کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام تر حکومتی ہتھکنڈوں کے باوجود آج عوام نے فیصلہ سنادیا کہ وہ وفاقی وسندھ حکومت کی نااہلی سے بے زار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہم نے کراچی کی تمام اہم نشستوں پر اول یا دوم پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ ہمارا مقابلہ حکمران جماعتوں سے تھا،اہل کراچی نے جماعت اسلامی پر اعتماد کر کے حکمران جماعتوں پر عدم اعتماد کردیاہے ،شہر سے ایم کیو ایم کا مکمل اور پی ٹی آئی کاآدھاصفایا ہوگیا ہے جب کہ پیپلزپارٹی کی جتنی بھی کامیابی ہے وہ سب مضافاتی یا لسانی کامیابی ہے کیونکہ وہاں کے لوگ جبرکا شکار ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کے دیرینہ مسائل حل کرنے کے لیے فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد اوربااختیار شہری حکومت قائم کی جائے ،پی ٹی آئی ،پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کسی نے کراچی کے عوام کے مسائل میں اضافے کے سوا کچھ نہیں کیا،جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے ساتھ ہے ، انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے ،کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں جیتنے والے جماعت اسلامی کے نمائندے بلا تفریق رنگ و نسل عوام کی خدمت کریں گے اور کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے جدوجہد کریں گے ،ماضی میں بھی جماعت اسلامی نے نعمت اللہ خان اور عبد الستار افغانی کے دور میں کراچی میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں ،موجودہ منتخب امیدوار بھی کراچی کی تعمیر و ترقی میں مثالی کردار ادا کریں گے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے عوام کا کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدواروں پر بھرپور اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہاکہ جماعت اسلامی ہی کراچی کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور یہی نمائندے عوام کے درمیان موجود رہیںگے اور اگلے بلدیاتی انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کریں گے ۔