دشمن ہمارے درمیان اختلافات پیداکرکے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے ، اتحاد المسلمین

منگل 14 ستمبر 2021 16:55

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیںاتحاد المسلمین کے صدر مسرور عباس انصاری نے کہا ہے کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہمیں اتحاد واتفاق کی اشدضرورت ہے کیونکہ دشمن ہمارے درمیان انتشار اور اختلاف پیداکرکے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مسرور عباس انصاری نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ موجودہ سنگین صورتحال میں مذہبی مناظرہ بازی سے صرف نفرت اور دشمنی کو ہوا ملے گی اور اس اقدام کے پیچھے صرف بھارتی ایجنسیاں ہوسکتی ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں شیعہ سنی مناظرے کے نام پر ایک خطرناک سازش رچائی جارہی ہے تاکہ ایک بڑے فتنے کو ہوا دے کر امت مسلمہ کو تقسیم کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ اس طرح کے مناظروں کا نتیجہ صرف نفرت اور اختلافات میں اضافے کی صورت میں نکلا ہے اوران سے کسی بھی مسلک کو فائدہ نہیں ہواہے۔ مسرورعباس نے کہاکہ اس صورتحال میں کشمیری عوام کو ہوشیار اور محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔