بھارتی غیرقانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں کرپشن کے باعث لوگوں کا سانس لینا مشکل ہو گیا ہے،محبوبہ مفتی

بدھ 15 ستمبر 2021 12:54

بھارتی غیرقانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں کرپشن کے باعث لوگوں کا سانس ..
 جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر  تسلط  جموںوکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی( پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں  کرپشن میں اس قدر اضافہ ہوا ہے کہ لوگوں کے لئے سانس لینا بھی مشکل ہوگیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ضلع پوچھ کی تحصیل سرنکوٹ میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ جس ترقی کے نام پر دفعہ 370 ہٹائی گئی تھی اس ترقی کا کہیں کوئی نشان نظر نہیں آرہا ۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تشخص بحال ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کی ہی زمینوں سے نکالا جارہا ہے اور یہاں ہر قسم کی افراتفری ہے۔محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں باہر کے لوگ کام کرنے کے لئے آرہے ہیں جس کے سبب یہاں کے لوگ بیروزگار ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسان قریباً ایک برس سے زائد عرصے سے سراپا احتجاج ہیں لیکن کوئی ان کی بات نہیں سن رہا ۔ خبر رساں ادارے ”سائو تھ ایشین وائر “ کی ایک خبر کے مطابق محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر میں ترقی کا کوئی نشان ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ترقی کے بہانے کی آڑ میں دفعہ 370 اور 35A کو منسوخ کیا لیکن جموں و کشمیر میں کہیں کوئی ترقی نظر نہیں آرہی ۔