الیکشن کمیشن نے وفاقی وزراء فواد چودھری اور اعظم سواتی کو نوٹسز جاری کردیے

دونوں وزراء کو 7 روز میں الزامات کا تحریری جواب جمع کرانے کا حکم، نوٹس میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی کاروائی کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کی زیرصدارت اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 16 ستمبر 2021 18:40

الیکشن کمیشن نے وفاقی وزراء فواد چودھری اور اعظم سواتی کو نوٹسز جاری ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16ستمبر2021ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزراء فواد چودھری اور اعظم سواتی کو نوٹس جاری کردیے، الیکشن کمیشن نے دونوں وزراء سے 7 روز میں الزامات کا تحریری جواب مانگ لیا، نوٹس میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی کاروائی کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کی زیرصدارت وفاقی وزراء فواد چودھری اور اعظم سواتی کے الزامات کا جائزہ اور قانونی کاروائی کرنے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں دونوں وفاقی وزراء سے جواب طلبی کا فیصلہ کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے وفاقی وزراء فواد چودھری اور اعظم سواتی کو باضابطہ نوٹس جاری کردیا ہے، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی کاروائی کا بھی نوٹس میں حوالہ دیا گیا ہے، نوٹس میں دونوں وفاقی وزراء فواد چودھری اور اعظم سواتی کے الیکشن کمیشن پر عائد الزامات کا 7 روز میں تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر اور الیکشن کمیشن حکام میں تلخ کلامی ہوگئی تھی۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر اعظم سواتی نے اجلاس میں کہا کہ الیکشن کمیشن پارلیمان کا مذاق بنارہا ہے، الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔ ایسے اداروں کو آگ لگا دیں ۔ آئین سے الیکشن کمیشن کو نکال دینا چاہیے، آئینی ترمیم کرکے عام انتخابات کرانے کا اختیار حکومت وقت کو دینا چاہئیے، الیکشن کمیشن ماضی کے انتخابات میں دھاندلی کوراتا رہا ہے۔

وزیر ریلوے اعظم سواتی کے بیان پرالیکشن کمیشن حکام آگ بگولہ ہو گئے۔ جبکہ فواد چودھری نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن ن لیگ کا ہیڈکوارٹرز بن چکا ہے۔ 10 ستمبر کو چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ نے الیکشن کمیشن کو آگ لگانے اور پیسے لینے کے الزامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا، چیف الیکشن کمشنر نے کاروائی کیلئے قانونی آپشنز پر غور کیلئے اجلاس طلب کیا تھا۔