مودی حکومت مقبوضہ کشمیر کی خاموشی کو صورتحال معمول کے مطابق ہونے کے طور پر پیش کر رہی ہے، محبوبہ مفتی

ایک وقت آئیگا جب 370 اور 35 اے کو بحال کیا جائیگا، بھارتی حکومت یہ کہنے پر مجبور ہوگی اس نے غلط کیا تھا، صدر پی ڈی اے

ہفتہ 18 ستمبر 2021 14:56

مودی حکومت مقبوضہ کشمیر کی خاموشی کو صورتحال معمول کے مطابق ہونے کے ..
سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ مودی حکومت کشمیر کی خاموشی سے دنیا کو یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہی ہے کہ علاقے میں صورتحال معمول کے مطابق ہے تاہم ہر کوئی مقبوضہ علاقے کی بگڑتی ہوئی حالت سے بخوبی واقف ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے جموںخطے کے ضلع راجوری میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نئی دلی میں بھارتیہ جنتاپارٹی کی حکومت یہ تاثر دینے کی کوشش کرتی رہی کہ 370 اور 35-Aکی دفعات جموں و کشمیر کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہیں لیکن یہ غلط ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ دفعات کی منسوخی کے بعد ہر کوئی جموں و کشمیر کی بگڑتی ہوئی حالت کے بارے میں جانتا ہے۔قبل ازیں محبوبہ مفتی نے راجوری میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت آئے گا جب 370 اور 35 اے کو بحال کیا جائے گا اور بھارتی حکومت یہ کہنے پر مجبور ہوگی کہ اس نے غلط کیا تھا۔