کینیڈین وزی رخارجہ کا شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفون ، دوطرفہ تعلقات اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر گفتگو

افغانستان میں قیام امن کو خطے کے امن و استحکام اور ترقی کیلئے ناگزیر ہے،عالمی برادری افغانستان کی معاشی و انسانی معاونت کیلئے آگے بڑھے ، شاہ محمود قریشی

ہفتہ 18 ستمبر 2021 18:20

کینیڈین وزی رخارجہ کا شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفون ، دوطرفہ تعلقات اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2021ء) کینیڈین وزیر خارجہ مارک گارنیو نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفون کر کے و طرفہ تعلقات اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

وزیر خارجہ نے کنیندین وزیر خارجہ کو افغانستان کی صورتحال پر متفقہ لائحہ عمل کی تشکیل کے لیے کیے گئے حالیہ چار ملکی دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔وزیر خارجہ نے افغانستان میں اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے افغانستان میں قیام امن کو خطے کے امن و استحکام اور ترقی کیلئے ناگزیر قرار دیا،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی معاشی و انسانی معاونت کیلئے آگے بڑھے ۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، افغانستان میں پنپتے ہوئے انسانی المیے کے پیش نظر، افغانوں کو ہوائی اور زمینی راستوں سے امدادی سامان کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے ۔ وزیر خارجہ نے افغانستان کو امدادی سامان کی ترسیل کیلئے ’’انسانی راہداری‘‘کھولنے کی بابت کنیندین ہم منصب کو آگاہ کیا ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کو ان ممالک کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے جو عرصہ دراز سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کرتے آ رہے ہیں۔

دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کرونا وبائی صورتحال میں بہتری کی صورت میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان اگلے سیاسی مشاورتی اجلاس کے بالمشافہ انعقاد کے متمنی ہیں۔وزیر خارجہ نے کینیڈین وزیر خارجہ کے ساتھ، ہملٹن کینیڈا میں، پاکستانی کینیڈین شہری کی ہلاکت اور اس کے 63 سالہ والد فقیر علی کے اغواء کا معاملہ اٹھایا۔

کینیڈین وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو یقین دلایا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کیلئے، کینیڈین حکومت معاملے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے ۔وزیر خارجہ نے کینیڈین ہم منصب سے مطالبہ کیا کہ وبائی صورتحال میں بہتری کو پیش نظر رکھتے ہوئے، طلباء اور کاروباری حضرات کی مشکلات میں کمی لانے کیلئے، ویزہ ایڈوائزری پر نظر ثانی کی جائے،کینیڈین وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔

کینیڈین وزیر خارجہ نے کابل سے کینیڈین شہریوں کے انخلاء میں، پاکستان کی جانب سے فراہم کی گئی بھرپور معاونت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ نے کنیندین ہم منصب کو یقین دلایا کہ پاکستان افغانستان سے انخلاء کے عمل میں معاونت کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔