عمران صاحب تاریخی ناکامیوں ، کرپشن اور عوامی مایوسی کو اداروں اورمیڈیا پر حملوں سے چھپانا چاہتے ہیں ، مریم اور نگزیب

سب تماشہ عوام کے اصل مسائل ، عمران صاحب کی چوری ، نااہلی ، نالائقی سے نظر ہٹانے کے لئے کیا جاتا ہے ، ترجمان (ن)لیگ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اورمیڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تنازعوں کے ذریعے اصل ایشوز سے توجہ ہٹانے نہیں دیں گے ،بیان

پیر 20 ستمبر 2021 14:00

عمران صاحب تاریخی ناکامیوں ، کرپشن اور عوامی مایوسی کو اداروں اورمیڈیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب تاریخی ناکامیوں ، کرپشن اور عوامی مایوسی کو اداروں اورمیڈیا پر حملوں سے چھپانا چاہتے ہیں ،سب تماشہ عوام کے اصل مسائل ، عمران صاحب کی چوری ، نااہلی ، نالائقی سے نظر ہٹانے کے لئے کیا جاتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سب تماشہ تاریخی بے روزگاری ، مہنگائی معاشی تباہی ، تاریخی قرضہ سے نظر ہٹانے کیلئے کیا جاتا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ عمران صاحب معیشت کو لے ڈوبے، مہنگائی کی چھری سے عوام کوحلال کردیااور چاہتے ہیں کہ کوئی نہ بولے ،الیکٹرانک ووٹنگ مشین اورمیڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تنازعوں کے ذریعے اصل ایشوز سے توجہ ہٹانے نہیں دیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عوام کے آٹے، چینی، بجلی، گیس، دوائی کی بات نہ ہو، اس لئے کرائے کے ترجمان روز پریس کانفرنس سے قوم کا پیسہ ضائع کرتے ہیں ،جھوٹ بولنے پر تعینات کرائے کے ترجمانوں نے پی آئی ڈی کو پی ٹی آئی کا دفتر بنالیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ عمران صاحب مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی چھپانے کے لئے ہر روز نیا ڈرامہ کررہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ انتخابی اصلاحات کے تماشوں کی آڑ میں الیکشن کمشن کو نشانہ بنانے کی اصل وجہ غیرقانونی فارن فنڈنگ کیس کی تکلیف ہے ،میڈیا کا گلا گھونٹا جارہا ہے تاکہ عمران صاحب اینڈکمپنی کی کرپشن، ناکامیوں اور چوریوںکو رپورٹ نہ کرے ۔

انہوںنے کہاکہ تاریخی مہنگائی، بے روزگاری، ملکی وغیرملکی قرضوں کا بوجھ عمران صاحب کے گلے کا ڈھول بن چکا ہے ،مہنگائی بڑھ رہی ہے کیونکہ وزیراعظم چور ہے، میڈیا اور اپوزیشن یہ بات نہ کریں اس لئے کالے قانون بنائے جارہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ بیرون ملک پاکستانیوں سے عمران صاحب کو کوئی ہمدردی نہیں، وہ ان کی آڑ میں اپنی ناکامیاں چھپانا چاہتے ہیں ،بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ کے لئے نہیں بلکہ عمران صاحب اپنی اور ساتھیوں کی لوٹ کھسوٹ کے لئے فکر مند ہیں ، بجلی بلوں کے ذریعے ظالمانہ ٹیکسوں کی وصولی کے لئے صدرکا انگوٹھا لگوایا گیا۔