امریکا کا ویکسین شدہ برطانوی اور یورپی شہریوں پر سے سفری پابندیاں اٹھانے کا اعلان

امریکا نے سابق صدر ٹرمپ کے دورِ حکومت میں برطانوی اور یورپی شہریوں پر عائد سفری پابندیاں 18 ماہ بعد اٹھانے کا فیصلہ کیا، جس کے تحت مکمل ویکسی نیشن کرانے والے افراد کو امریکا میں داخلے کی اجازت ہوگی، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 20 ستمبر 2021 22:36

امریکا کا ویکسین شدہ برطانوی اور یورپی شہریوں پر سے سفری پابندیاں اٹھانے ..
واشنگٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20 ستمبر 2021ء) مکمل ویکسی نیشن کرانے والے افراد کو امریکا میں داخلے کی اجازت، امریکا نے ویکسین شدہ برطانوی اور یورپی شہریوں پر سے سفری پابندیاں اٹھانے کا اعلان کر دیا- خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکا نے سابق صدر ٹرمپ کے دورِ حکومت میں برطانوی اور یورپی شہریوں پر عائد سفری پابندیاں 18 ماہ بعد اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت مکمل ویکسی نیشن کرانے والے افراد کو امریکا میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

خبر ایجنسی کے مطابق کورونا ویکسی نیشن مکمل کرانے والے برطانوی اور یورپی شہری نومبر کے آغاز میں امریکا میں داخلے کے اہل ہوں گے۔ خبر ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے فوری طور پر اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ امریکی فیصلے کے تحت ایسے افراد کو بھی امریکا میں داخلے کی اجازت ہوگی جو ایسے کورونا ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز میں حصہ لے چکے ہیں جو اب تک برطانیہ میں منظور نہیں ہوئی ہے جب کہ فیصلے سے 40 ہزار افراد امریکا میں داخلے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق موجودہ صورتحال میں امریکی شہری، رہائشی اور اسپیشل ویزا رکھنے والے غیر ملکیوں کو ہی یورپی ممالک سے امریکا میں داخلے کی اجازت ہے۔ دوسری جانب گذشتہ روز برطانوی حکومت نے سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے پاکستان کا نام خارج کر دیا تھا۔ پاکستان سمیت کل 8 ممالک کا نام ریڈ لسٹ سے خارج کیا گیا ہے۔ پاکستان کے علاوہ ترکی، مصر، مالدیپ، سری لنکا، کینیا، عمان اور بنگلہ دیش کو بھی ریڈ لسٹ سے خارج کر دیا گیا تھا۔

پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے۔ کرسچین ٹرنر کا کہنا تھا کہ مجھے اندازہ ہے کہ گذشتہ 5 ماہ پاکستان سے برطانیہ سفر کرنے والوں کیلئے بہت مشکل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ مل کر کام کرتے رہیں گے، دونوں ممالک کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ سے ہی عوام کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔

برطانوی وزیر ٹرانسپورٹ نے سفری پابنديوں کی درجہ بندی بھی کردی جبکہ نئے فيصلوں کا اطلاق 22 ستمبر سے ہوگا۔ پاکستان کے برطانیہ کی سفری ریڈ لسٹ سے نکلنے کے بعد وفاقی وزرا نے بھی خیر مقدم کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان کو امید تھی کہ اسے برطانوی حکومت کی جانب سے سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے گذشتہ ماہ ہی نکال دیا جائے گا، تاہم 26 اگست کو کیے گئے اعلان میں پاکستان کو ریڈ لسٹ میں برقرار رکھا گیا تھا۔ برطانوی حکومت نے رواں سال 9 اپریل سے پاکستان کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کر رکھا تھا۔