چہلم شہدائے کربلا کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر شہید بے نظیرآباد کی زیر صدارت اجلاس

منگل 21 ستمبر 2021 17:59

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عامر حسین پنہور کی زیر صدارت شہداء کربلا کے چہلم کے موقع پر ضلع میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور برآمد ہونے والے ماتمی جلوسوں اور مجالس کی حدود میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے ایک اجلاس دربارہال میں منعقد ہوا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہداء کربلا کے چہلم کے موقع پر تمام مذہبی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے شہری بغیر کسی فرق کے مذہبی رواداری اور بھائے چارگی کی فضہ کو قائم رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ منعقد ہونے والی مجالس، ماتمی جلوس اور دیگر مذہبی پروگرام پرامن طریقے سے ممکن ہوسکے ڈپٹی کمشنر نے مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہید بینظیرآباد ضلع ہمیشہ پرامن رہا ہے اس کے باوجود بھی سندھ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ سندھ رینجرز بھی سیکیورٹی اور امن و امان کی بحالی کے لئے سندھ پولیس کے ساتھ ہے ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹی نواب شاہ اور تمام ٹاؤن کمیٹی کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ چہلم کے موقع پر شہروں میں صفائی اور روشنی کا بہتر بندوبست کیا جائے ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسرا ن کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ چہلم کے موقع پر برآمد ہونے والے ماتمی جلوسوں کے روٹس پر میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جائے جبکہ ایمبولنس کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے اس موقع پر اے ایس پی نواب شاہ ظفر صدیق نے اجلاس کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ چہلم کے موقع پر ضلع میں 18 مجالس اور 8 ماتمی جلوس برآمد ہونگے جن کی سیکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں انہوں نے مزید بتایا کہ 1900 پولیس افسر و اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ مزید نفری کو اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنید حمید سموں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر دولت جمالی، رینجرز کے ذوالقرنین، انفارمیشن آفیسر شیر محمد جمالی، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل و ٹاؤن افسران اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔