حکومت کسی چیز کو تھوپنا نہیں چاہتی، ووٹنگ مشین بناکر ثابت کیا ہمارے ملک میں یہ تمام چیزیں ہوسکتی ہیں، شبلی فراز

انتخابات کے بعد تنازعات ملک کی جمہوریت کیلئے نقصان دہ ہیں، تمام بڑے اداروں کا اتفاق تھا شفاف الیکشن کیلئے ٹیکنالوجی کی جانب جانا ہوگا،الیکشن کمیشن کے تقاضوں کے مطابق چیزوں کو ووٹنگ مشین میں سمو دیا ہے، وفاقی وزیر کی پریس کانفرنس

جمعرات 23 ستمبر 2021 23:28

حکومت کسی چیز کو تھوپنا نہیں چاہتی، ووٹنگ مشین بناکر ثابت کیا ہمارے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کسی چیز کو تھوپنا نہیں چاہتی، ہم نے ووٹنگ مشین بناکر ثابت کیا ہمارے ملک میں یہ تمام چیزیں ہوسکتی ہیں، انتخابات کے بعد تنازعات ملک کی جمہوریت کیلئے نقصان دہ ہیں، تمام بڑے اداروں کا اتفاق تھا شفاف الیکشن کے لیے ٹیکنالوجی کی جانب جانا ہوگا،الیکشن کمیشن کے تقاضوں کے مطابق چیزوں کو ووٹنگ مشین میں سمو دیا ہے۔

جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ ہماری حکومت کسی چیز کو تھوپنا نہیں چاہتی، ہم نے ووٹنگ مشین بناکر ثابت کیا کہ ہمارے ملک میں یہ تمام چیزیں ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کرکٹ میں بھی نیوٹرل ایمپائر کا کہا تھا، ای وی ایم کے آنے سے ہمارے ووٹ بڑھ نہیں جائیں گے، یہ بات طے ہے کہ ہمیں الیکشن ٹیکنالوجی سے کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیزیں گردش کر رہی ہیں کہ حکومت ووٹنگ مشین معاملے پر بضد ہے، ایسی باتوں سے عوام کو فائدہ نہیں ہورہا، عوام کنفیوژ ہورہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انتخابات کے بعد تنازعات ملک کی جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہیں، تمام بڑے اداروں کا اتفاق تھا شفاف الیکشن کے لیے ٹیکنالوجی کی جانب جانا ہوگا۔شبلی فراز نے کہا کہ ہم نے ووٹنگ مشین تین مہینے میں بنادی، الیکشن غیر متنازعہ بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کی جانب جانا ہوگا، ہم نے الیکشن کمیشن کے تقاضوں کے مطابق چیزوں کو ووٹنگ مشین میں سمو دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ خبریں چل رہی تھیں کہ الیکشن کمیشن بھی چاہتا ہے ٹیکنالوجی سے الیکشن ہو۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ووٹنگ مشین سے متعلق ہماری رہنمائی بھی کی، ہم نے ووٹنگ مشین کا عملی مظاہرہ بھی دیا، الیکشن کمیشن کو عملی مظاہرہ دکھایا تو انہوں نے ٹیکنیکل کمیٹی بنائی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن جماعتوں کو بھی ووٹنگ مشین سے متعلق دعوت دی، بدقسمتی سے اپوزیشن نے ووٹنگ مشین کا جائزہ نہیں لیا، مخالفت برائے مخالفت کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ضروری نہیں یہی مشین ہو، مشینیں لینا خریدنا الیکشن کمیشن کا کام ہے، ہمارا یہ مقصد نہیں کہ الیکشن میں یہی مشین ہو جو وزارت سائنس نے بنائی ہے۔