بھارتی نژاد امریکیوں کا مودی کے دورہ امریکہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 25 ستمبر 2021 22:34

بھارتی نژاد امریکیوں کا مودی کے دورہ امریکہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
واشنگٹن ڈی سی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے خلاف احتجاج کے لیے بڑی تعداد میں بھارتی نژاد امریکی واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے سامنے لافیٹ اسکوائر پارک میں جمع ہوئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے مودی کے خلاف نعرے لگائے اور انہوں نے ہاتھوں میںپلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’بھارت کو فسطائیت سے بچاؤ‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر ظلم و ستم ، نئے زرعی قوانین اور مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی بربریت پرمودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ادھر جنیوا میںتحریک کشمیر یورپ نے نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے بزرگ کشمیر ی حریت قائد سید علی گیلانی کی جبری تدفین کے خلاف اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ہیڈکوارٹر کے سامنے ایک انوکھا احتجاج کیا۔تحریک کشمیر یورپ کے کارکن کفن پہن کر اور ہاتھوں میں سید علی گیلانی کی تصاویر لے کر زمین پر لیٹ گئے اور ’ اقوام متحدہ جاگ جائو ‘‘ اور’’مقبوضہ جموںوکشمیر میں قتل عام بند کرو‘‘ جیسے نعرے لگائے۔