شہید جمہوریت چوہدری ظہور الٰہی نے اپنی جان دے دی مگر اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا‘سینیٹر کامل علی آغا

چوہدری برادران ظہور الٰہی شہید کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ظلم کے خلاف سینہ سپر ہیں‘جنرل سیکرٹری مسلم لیگ پنجاب

ہفتہ 25 ستمبر 2021 23:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) مسلم لیگ ہائوس میں شہید جمہوریت چوہدری ظہور الٰہی کی برسی کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ شہید جمہوریت چوہدری ظہور الٰہی نے اپنی جان دے دی مگر اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔چوہدری برادران ظہور الٰہی شہید کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ظلم کے خلاف سینہ سپر ہیں۔

چوہدری ظہور الٰہی شہید نے سیاسی کارکنوں کو قربانی دینے کے جذبے کی مثال قائم کی۔ چودھری ظہور الٰہی شہید نے ایک ایسے وقت مسلم لیگ کا پرچم تھاما جب کوئی مسلم لیگ کا نام لیتے ہوئے ڈرتا تھا اور وہ پیر پگاڑاصاحب سے لے کر ہر اس شخص کے پاس گئے جس کے دل میں پاکستان اور مسلم لیگ کا درد تھا۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین بھی اپنے شہید باپ والا جذبہ رکھتے ہیں انہوں نے بھی مسلم لیگ کو متحد اور مضبوط کرنے کے لیے اپنا دل اور دروازہ کھلا رکھا ہوا ہے۔

سینیٹر کامل علی آغا مزید کہا کہ چودھری ظہور الٰہی آج بھی لوگوں کے دلوں پر راج کرتے ہیں ۔انہوں نے اپنی زندگی میں جمہوریت کی خاطر جیلیں کاٹیں ،غریبوں کی فلاح وبہبود ان کی زندگی کا مشن تھا جس کو آج چودھری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی پورا کرنے میں لگے ہوئے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب اس ملک میں غریب کا راج ہوگا ۔انہوں نے مزید کہا کہ چودھری ظہور الٰہی نے جمہوریت کی خاطر جان کا نذرانہ دیدیا لیکن جمہوریت پر حرف نہیں آنے دیا۔پاکستان مسلم لیگ ان کے مشن کو جاری رکھے گی۔