گداگری میں ملوث غیر ملکیوں کو سعودیہ سے بے دخل اور بلیک لسٹ کرنے کا اعلان

گداگروں کو 6 ماہ تک قید یا 50 ہزار ریال تک جرمانہ ہوگا، گداگروں کے سرغنہ کو ایک برس قید یا ایک لاکھ ریال جرمانے کی سزا ہوگی، یہ دونوں سزائیں ایک ساتھ بھی دی جاسکتی ہیں، مملکت میں نیا قانون آگیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 26 ستمبر 2021 14:21

گداگری میں ملوث غیر ملکیوں کو سعودیہ سے بے دخل اور بلیک لسٹ کرنے کا ..
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 ستمبر 2021ء ) سعودی عرب نے گداگری میں ملوث غیر ملکیوں کو بے دخل اور بلیک لسٹ کرنے کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں گداگری کو روکنے کے لیے مملکت میں نیا قانون متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت وہ غیرملکی جو گداگری میں ملوث پائے گئے وہ مملکت سے بے دخل اور بلیک لسٹ کردیے جائیں گے ، اس کے علاوہ گداگروں کو 6 ماہ تک قید یا پچاس ہزار ریال تک جرمانہ ہوگا، یہ دونوں سزائیں ایک ساتھ بھی دی جاسکتی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ انسداد گداگری کا نیا قانون 11 دفعات پر مشتمل ہے جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ بھکاریوں یا اس کام کے لیے اکسانے والوں کو بھی سزائیں اور جرمانے ہوں گے ، گداگروں کے گروہ کے سرغنہ کو ایک برس قید یا ایک لاکھ ریال جرمانے کی سزا ہوگی اور دونوں سزائیں بھی دی جاسکتی ہیں ، دوبارہ گداگری پر سزا دگنی ہوگی تاہم انتہائی سزا دگنی سے زیادہ نہیں دی جاسکتی۔

(جاری ہے)

قوانین میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی عنوان اور بہانے سے بھیک مانگنے کی اجازت نہیں ہوگی، وزارت داخلہ گداگروں کے خلاف کارروائی کا مجاز ادارہ ہے ، ملزمان کو قانون کی خلاف ورزی پر پوچھ گجھ کرنے والے ادارے کے حوالے کیا جائے گا ، عدالت کے حکم پر گداگر کی املاک اور گداگری سے جمع نقد رقم ضبط کرلی جائے گی اگر دولت کی ضبطی مشکل ہو تو ایسی صورت میں خصوصی عدالت رقم کے برابر جرمانہ کرسکتی ہے۔

دوسری طرف سعودی عرب میں غیرملکی ملازمین کے قوانین سے متعلق جاری کی گئی وضاحت میں کمپنی یا دیگر ملازمت کے مراکز پر ‘ڈیوٹی ڈسپلن’ کے قانون کی دفعہ 20 میں ملازم کے خلاف دعویٰ بے اثر ہونے کی 3 صورتوں کی نشاندہی کردی گئی ، ‘ڈیوٹی ڈسپلن’ کے قانون کی دفعہ 20 کے تحت اگر کسی ورکر کی موت واقع ہوجائے یا جسمانی طور پر اس قدر معذور ہوجائے کہ اس سے پوچھ گچھ مشکل ہو اور میڈیکل رپورٹ سے اس کی تصدیق بھی ہوجائے تو اس صورت میں کارکن کے خلاف دائر ڈیوٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کا دعویٰ بے اثر ہوجائے گا۔