سردار سکندر حیات خان کی وفات سے جو سیاسی خلا پیدا ہوا ہے وہ مدتوں پُر نہیں ہو سکے گا‘سردار مسعود خان

سردار سکندر حیات خان --’’نرم دم گفتگو اور گرم دم جستجو‘‘ کے مصداق سیاست میں برداشت اور رواداری کے علمبردار تھے ‘سابق صدر آزاد کشمیر

منگل 12 اکتوبر 2021 15:57

سردار سکندر حیات خان کی وفات سے جو سیاسی خلا پیدا ہوا ہے وہ مدتوں پُر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2021ء) آزاد کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے آزاد ریاست کے سابق وزیر اعظم و صدر سردار سکندر حیات خان کو ایک عہد ساز شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُن کی وفات سے جو سیاسی خلا پیدا ہوا ہے وہ مدتوں پُر نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ نصف صدی تک آزادکشمیر کی سیاست میں ایک متحرک اور فعال کردار ادا کرنے والے سردار سکندر حیات خان --’’نرم دم گفتگو اور گرم دم جستجو‘‘ کے مصداق سیاست میں برداشت اور رواداری کے علمبردار تھے لیکن حکومتی اور انتظامی معاملات میں ایک سخت گیر منتظم تھے اور اُن کے یہی اوصاف اُن کی سیاسی کامیابی اور شہرت کا سبب تھے۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ سردار سکندر حیات خان نہ صرف طویل عرصے تک اعلیٰ حکومتی عہدوں پر فائز رہنے والے سیاسی رہنما تھے بلکہ انہوں نے آزاد علاقے کی تعمیر وترقی، عوامی خوشحالی اور عام آدمی کی معاشی زندگی کی بہتری کیلئے کوششیں کرنے کے علاوہ آزاد ریاست کے عوام کے حقوق کے تحفظ اور جمہوریت کے استحکام کے لئے جو کوششیں کیں اُن کی وجہ سے انہیں تعمیر و ترقی کے ہیرو اور سالار جمہوریت کے ناموں سے بھی جانا اور پہچانا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ 2005میں جب آزادکشمیر میں تاریخ کا ہولناک زلزلہ آیا تو اُس وقت سردار سکندر حیات خان ریاست کے وزیر اعظم تھے۔ اس مشکل وقت میں انہوں نے نہ صرف زلزلہ سے تباہ حال قوم کو حوصلہ دیا بلکہ حکومت پاکستان اور بین الاقوامی امدادی اداروں سے مل کر ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی نگرانی کی اور بعد میں ایرا اور سیرا جیسے ادارے قائم کر کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کے کام کا آغاز کیا۔

انہوں نے کہا کہ سردار سکندر حیات خان کو آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کے لئے بنیادی انفراسٹرکچر کی بنیاد رکھنے اور اداروں کو مضبوط و مستحکم کرنے اور تحریک آزادی کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اُجاگر کرنے کے لئے کشمیر لبریشن سیل جیسے اداروں کو قائم کرنے اور انہیں مستحکم کرنے کے حوالے سے بھی ہمیشہ یا د رکھا جائے گا ۔ سردار مسعود خان نے دعا کی کہ اللہ تبارک و تعالیٰ سردار سکندر حیات خان کی قومی و ملی خدمات کو قبول فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ و ارفع مقام عطا کرے۔ آمین۔