بیگم کلثوم نواز اور اسحاق ڈار کا جعلی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بنانے والا شخص گرفتار

سیاسی شخصیات کے جعلی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بنانے پر 7 افراد کو گرفتار کیا۔ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب و ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 13 اکتوبر 2021 14:37

بیگم کلثوم نواز اور اسحاق ڈار کا جعلی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بنانے والا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 اکتوبر 2021ء) : معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب و ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز اور اسحاق ڈار کا جعلی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بنانے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب و ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا کہ قومی اداروں کی ساکھ کونقصان پہنچانےوالوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور جعلی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بنانے والوں کو رعایت نہیں دی جائے گی۔

حسان خاور کا کہنا ہے کہ سیاسی شخصیات کے جعلی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بنانے پر 7 افراد کو گرفتار کیا، نواز شریف کے جعلی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بنانے پر پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق بیگم کلثوم نواز اور اسحاق ڈار کا جعلی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بنانے والے شخص کو گرفتار کرکے کرکے معاملہ ایف آئی اے سائبر کرائمز ونگ کے حوالے کردیا ہے ، گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں لندن میں مقیم سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاکستان میں تین مرتبہ کورونا وائرس کی ویکسین لگنے کے بعد اب ان کی اہلیہ مرحومہ کلثوم نواز کو بھی ویکسین لگا دی گئی جس کے بعد محکمہ صحت پر کئی سوالات اُٹھ گئے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی مرحومہ اہلیہ بیگم کلثوم نواز کو کورونا ویکسین کی پہلی ڈور پانچ اکتوبر کو میلسی میں لگی۔

ریکارڈ کے مطابق کلثوم نواز کو کورونا کی کین سائنو ویکسین لگائی گئی۔ اس کے علاوہ لندن میں مقیم سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ملتان میں کورونا وائرس کی ویکسین لگ گئی۔ جعلی ویکسی نیشن کا معاملہ محکمہ صحت کے لیے درد سر بن گیا ہے۔ یاد رہے کہ قبل ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف کو تین مرتبہ کورونا کی ویکسی نیشن لگنے کا جعلی اندراج کیا گیا تھا۔