Live Updates

عید میلاد النبیﷺ کی آمد پر پی آئی اے کی جانب سے ٹکٹوں پر خصوصی رعایت دینے کا اعلان

قومی ائیرلائن کی جانب سے 19 اکتوبر تک اندرون ملک کسی بھی شہر کا سفر کرنے پر ٹکٹ پر 12 فیصد کی رعایت دینے کا اعلان

muhammad ali محمد علی جمعرات 14 اکتوبر 2021 00:34

عید میلاد النبیﷺ کی آمد پر پی آئی اے کی جانب سے  ٹکٹوں پر خصوصی رعایت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اکتوبر2021ء) عید میلاد النبیﷺ کی آمد پر پی آئی اے کی جانب سے ٹکٹوں پر خصوصی رعایت دینے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق قومی ائیرلائن پی آئی اے کی جانب سے عید میلاد النبیﷺ کی آمد پر اندرون ملک سفر کرنے والے تمام مسافروں کو خوشخبری سنائی گئی ہے۔ اعلان کیا گیا ہے کہ 12 ربیع الاول یعنی 19 اکتوبر تک اندرون ملک سفر کرنے والے افراد کو ٹکٹ پر خصوصی رعایت دی جائے گی۔

19 اکتوبر تک اندرون ملک فضائی سفر کے ٹکٹ کی خریداری پر 12 فیصد کی رعایت دی جائے گی۔ 19 اکتوبر کے بعد یہ رعایت ختم ہو جائے گی۔ دوسری جانب عید میلاالنبیﷺ کی آمد پر پنجاب حکومت نے بھی عوام کو ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کے دوران صوبے کے 32ماڈل بازاروں میں ہرقسم کی اشیاء پر 10سے 20فیصد خصوصی ڈسکائونٹ دیاجا رہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ڈسکائونٹ 12ربیع الاول تک صارفین کو ملتا رہے گا۔ اس کے علاوہ صوبے بھر میں قائم 277سہولت بازاروں میں عوام کو اشیائے ضروریہ سستے داموں مل رہی ہیں۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ کی آمد کے سلسلے میں کی جانے والی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ ملک بھر میں 19 اکتوبر بروز منگل کو 12 ربیع الاول کی تقریبات کا انعقاد ہو گا، گھر گھر کو، نجی و سرکاری عمارتوں کو خصوصی طور پر سجانے کا سلسلہ جاری ہے۔

عید میلاالنبیﷺ کے سلسلے میں 12 ربیع الاول بروز منگل 19 اکتوبر کو ملک بھر میں عام تعطیل دی جائے گی۔ جبکہ اسلام آباد میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی 12ربیع الاول کی تقریب منعقد کرانے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پورے ملک میں 12 ربیع الاول کو شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا، پورے ملک میں اس حوالے سے تقریبات منعقد کی جائیں گی، جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 12 ربیع الاول کی تقریب ملکی تاریخ کی سب سے بڑی تقریب ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات