صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے راولپنڈی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر کی قیادت میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

جمعہ 15 اکتوبر 2021 18:37

اسلام آباد۔15اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2021ء) :صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ وکلاء جہاں معاشرے میں لوگوں کو انصاف کی فراہمی کے لئے بڑا اہم کردار ادا کرتے ہیں وہاں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کے لئے بھی ہمارا ساتھ دیں، اس سلسلہ میں وہ دیگر ممالک کی بار ایسوسی ایشنز کو ای میلز، خطوط اور دیگر ذرائع سے یادداشتیں پیش کرکے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں تاکہ کشمیری عوام کی آواز اقوام عالم تک پہنچ سکے اور انہیں اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت مل سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سردار عبدالرازق کی قیادت میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں ملاقات کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفد میں راولپنڈی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سردار عبدالرازق، شاہد علی ایڈووکیٹ، شہزاد بھٹی ایڈووکیٹ، روہمہ قریشی ایڈووکیٹ، جمیل اصغر بٹ ایڈووکیٹ، چوہدری بلال ایڈووکیٹ، راجہ ساجد نور ایڈووکیٹ، چوہدری کاشف ایڈووکیٹ اور دیگر بھی شامل تھے۔

اس موقع پر راولپنڈی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سردار عبدالرازق نے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کرنے کے لئے آپ کے ساتھ ہیں اور اس سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھا جائے گا۔ اس موقع پر راولپنڈی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سردار عبدالرازق صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کوصدر ریاست کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں راولپنڈی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کی دعوت بھی دی۔

صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے راولپنڈی ہائی کورٹ بار سے خطاب کی دعوت قبول کر لی اس سلسلے میں تاریخ کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔