ساہیوال، دن دیہاڑے ڈکیتی پولیس مقابلہ دو ڈاکو ہلاک ایک فرار ہونے میں کامیاب

پیر 18 اکتوبر 2021 16:40

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) نور شاہ کچا روڈ پر آمنہ سٹی کالونی کے قریب دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات کے بعد پولیس مقابلہ دو ڈاکو ہلاک اور ایک فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔پولیس کی گاڑی کاڈرائیور بھی زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق آج صبح گرلز کالج روڈ پر ڈاکوئوں نے ایک شہری سے واردات کی شور پر شہریوں نے موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں کا تعاقب کیا تو ڈاکوئوں نے فائرنگ کر کے خوف و ہراس پھیلا دیا ۔

شہریوں کے ساتھ پولیس فتح شیر نے بھی ڈاکوئوں کا تعاقب شروع کردیا۔ ڈاکوئوں نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کی تو ڈاکو مکئی کے کھیت میں چھپ گئے اور وقفہ وقفہ سے فائرنگ کر تے رہے ۔شہریوں اور پولیس کے گھیرائو کے نتیجہ میں فائرنگ سے گولیوں کا تبادلہ ہوتا رہا اس دوران دو ڈاکو مارے گئے۔

(جاری ہے)

دونوں ڈاکوئوں کی لاشوں کی شناخت فیضان گجر اور مجیب عالم کے نام سے ہوئی جو لاہور،گوجرانوالہ اور شیخوپورہ پولیس کو در جنوںمقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرم نکلے اور وہ کرائے کے قاتل کے طور پر بھی کام کر تے ہیں اور وہ تاندلیانوالہ اورلاہور کے رہائشی ہیں ۔

پولیس فتح شیر نے دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کرد یا ہے ۔ڈاکوئوں کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل ڈرائیور شاکر بھی زخمی ہوا اور سر کاری گاڑی کی سکرین بھی تباہ ہو گئی۔