عراق اور افغان جنگوں کے ایک اورکردارکولن پاول انتقال کرگئے

جنرل پاول کے عراق میں تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی موجودگی کے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے تھے.رپورٹ

پیر 18 اکتوبر 2021 18:58

عراق اور افغان جنگوں کے ایک اورکردارکولن پاول انتقال کرگئے
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 اکتوبر ۔2021 ) عراق اور افغان جنگوںکے ایک اورکرداراور امریکا کے سابق وزیر خارجہ جنرل(ر) کولن پاول کا انتقال ہو گیا ہے افغان اور عراق جنگ میں سیکرٹری آف اسٹیٹ کے فرائض انجام دینے والے کولن پاول 84سال کی عمر میں کووڈ۔19 کا شکار ہو کر انتقال کر گئے ان سے قبل یکم جولائی کو عراق اور افغان جنگوں کے پراسراراور اہم کردار امریکا کے سابق وزیردفاع ڈونلڈرمزفیلڈکا انتقال ہوا تھا.

امریکی تاریخ کے پہلے سیاہ فام سیکرٹری آف اسٹیٹ کولن پاول کے اہلخانہ نے تصدیق کی کہ ان کا انتقال کووڈ۔

(جاری ہے)

19 کے سبب پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کی وجہ سے ہوا ان کے اہلخانہ کی جانب سے جاری بیان میں گیا ہے کہا کہ ہم اپنے بہترین شوہر، والد، دادا اور ایک عظیم امریکی سے محروم ہو گئے. امریکی فوج کے سابق فور اسٹار جنرل کولن پاول اور سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے چار امریکی صدور کے لیے خدمات انجام دیں اور سیاسی منظرنامے اور طاقت کے ایوانوں میں ایک اہم اثاثہ تصور کیے جاتے تھے.

جمیکا میں پیدا ہونے والے کولن پاول کو امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے 2000 میں سیکرٹری آف اسٹیٹ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنرل پاول ایک سیاسی ہیرو، بے مثال امریکی اور امریکا کے لیے عظیم مثال ہیں انہوں نے کہا تھاکہ تقریر کی صلاحیت، اعلیٰ ساکھ، جمہوریت کے لیے انتہائی احترام اور بحیثیت سپاہی فرض شناسی کے احساس جیسی صلاحیتوں کا جس طرح سے کولن پاول نے مظاہرہ کیا ہے وہ انہیں اس ملک کے تمام لوگوں کا عظیم نمائندہ بنائے گا.

البتہ فروری 2003 میں اقوام متحدہ میں اپنی تقریر کے دوران عراق میں تباہ کن ہتھیاروں کی موجودگی کا الزام لگا کر جنگ کی راہ ہموار کرنے والے سیکرٹری آف اسٹیٹ کے لیے اس جنگ کے بعد حالات انتہائی ناساز ہو گئے تھے کیونکہ بعدازاں عراق میں ان ہتھیاروں کی موجودگی کے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے تھے. 2005 میں انٹرویو کے دوران اس حوالے سے کولن پاول نے ندامت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھاکہ یہ ایک داغ ہے اور میرے ریکارڈ کا حصہ رہے گا یہ انتہائی تکلیف دہ ہے کولن پاول امریکہ کے 12ویں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف رہے سیاست میں آنے سے قبل کولن پاول امریکی فوج کے سربراہ اور امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر بھی رہے.

امریکہ کے سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے دور حکومت میں وزیرخارجہ اوروزیردفاع کے منصب پر فائز رہنے والے جنرل (ر)کولن پاول اورڈونلڈ رمز فیلڈ کو امریکہ کی حالیہ تاریخ کی اہم ترین عراق جنگ کا خالق سمجھا جاتا ہے اسی دور میں امریکی افواج نے عراقی صدر صدام حسین کی حکومت کا تختہ الٹ کرایک طویل جنگ کا آغازکیالیکن امریکی وہاں امن و امان قائم رکھنے میں ناکام رہے اور آج تک عراق بدامنی کا شکار ہے.

رمز فیلڈ بش کابینہ کے دیگر ارکان کے علاوہ چند فوجی اہلکاروں اور کانگریس کے ارکان کے ساتھ سخت رویہ اختیار کرنے کی شہرت رکھتے تھے، جن میں وزیر خارجہ کولن پاویل بھی شامل تھے رمز فیلڈ کے دور میں یورپ میں امریکی اتحادی بھی ان سے نالاں رہے. انہی کے دور میںبغداد شہر سے باہر واقع ابو غریب قید خانے میں امریکی اہلکاروں کے ہاتھوں قیدیوں سے بدسلوکی کی تصاویر منظر عام پر آنے کے بعد 2004 میں رمز فیلڈ نے دو بار مستعفی ہونے کی درخواست دی جسے صدر بش نے مسترد کردیا تھا اس کے علاوہ بدنام زمانہ عقوبت خانے گوانتوناموبے میں قیدیوں کے ساتھ غیرانسانی سلوک کرنے کے واقعات میں بھی جنگوں کے ان دونوں بڑے کرداروں کے نام عالمی ذرائع ابلاغ کی زینت بنے.