حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے عوام کے جان ومال کی تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں، پشتونخواملی عوامی پارٹی

پیر 18 اکتوبر 2021 22:28

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے جاری کردہ بیان میں سریاب روڈ پر یونیورسٹی کے سامنے بم دھماکے اور اس میں ایک پولیس اہلکارنعمت اللہ ولد حسن گل کی شہادت ودیگر افراد کے زخمی ہونے کے دہشتگردانہ واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے عوام کے جان ومال کی تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے واقعات تسلسل کے ساتھ جاری ہیں اور تمنے کا نام ہی نہیں لیتے زیارت مانگی ڈیم کے مقام پر لیویز اہلکاروں کی شہادت کا واقعہ اور پھر میتوں کے ہمراہ احتجاجی دھرنا ہوا اب گزشتہ ایک ہفتے سے زائد سے تربت کے علاقے ہوشاب میں معصوم بچوں بہن بھائی کوشہید کیا گیا جوکئی دنوں سے کوئٹہ میں میتوں کے ہمراہ احتجاجی دھرنا دیئے بیٹھے ہیں اور گزشتہ روز سریاب روڈیونیورسٹی کے سامنے بم دھماکہ جس میں پولیس اہلکار شہید ودیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان تمام دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک نہیں پہنچایا گیا ۔ جب کہ سلیکٹڈ حکومت اپنے اقتدار اور وزیر اعلیٰ کے منصب کو بچانے کیلئے دن رات کوشاں ہے اتنی کوشش اگر عوام کی جان ومال اور سیکورٹی پر دی جاتی تو دہشتگردی کے ناسور سے عوام کو نجات حاصل ہوجاتی ۔ پارٹی بیان میںکوئٹہ کے علاقے ہنہ کے رہائشی پولیس اہلکار شہید نعمت اللہ ولد گل حسن کے لواحقین سے دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے تمام زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی گئی ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ زخمیوں کو بہتر علاج ومعالجہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔