ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ،سکاٹ لینڈ کا پاپوا نیوگنی کو جیت کے لیے 166 رنز کا ہدف

رچی بیرنگٹن کے 49 گیندوں پر 70 رنز ، میتھیو کراس نے 36 گیندوں پر 45 رنز بنائے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 19 اکتوبر 2021 17:11

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ،سکاٹ لینڈ کا پاپوا نیوگنی کو جیت کے لیے 166 رنز کا ہدف
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 اکتوبر 2021ء ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021ء کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے پانچویں میچ میں سکاٹ لینڈ نے پاپوا نیوگنی کو جیت کے لیے 166 رنز کا ہدف دے دیا۔ الامارات کرکٹ گراؤنڈ مسقط میں کھیلے جارہے اس میچ میں سکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکاٹ لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔

سکاٹش کھلاڑی رچی بیرنگٹن نے 49 گیندوں پر 70 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین میتھیو کراس نے 36 گیندوں پر 45 رنز بنا کر ٹیم کے ٹوٹل میں اپنا بڑا حصہ ڈالا۔ سکاٹ لینڈ کی جانب سے دیگر کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا، پاپوا نیوگنی کی جانب سے کبوا موریا نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ چیڈ سوپر 3 اور سائمن اٹائی نے ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آج کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں بنگلا دیش اور عمان کی ٹیمیں شام 7 بجے مدِ مقابل ہوں گی۔ گزشتہ روز کھیلے گئے میچز میں سری لنکا نے نمیبیا اور آئر لینڈ نے نیدر لینڈز کو باآسانی شکست دی تھی۔ گزشتہ روز کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 3 وکٹوں سے ہرایا تھا۔ جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 41 رنز سے اور بھارت نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے زیر کیا تھا۔