Live Updates

بدبخت بیٹے کے تشدد سے 70 سالہ باپ جاں بحق، ماں زخمی

قاتل بیٹا نشے کا عادی تھا، اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 اکتوبر 2021 14:29

بدبخت بیٹے کے تشدد سے 70 سالہ باپ جاں بحق، ماں زخمی
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اکتوبر 2021ء) : شہر قائد میں ایک بد بخت اور سفاک بیٹے نے تشدد کر کے اپنے ہی ضعیف والد کو موت کے گھاٹ اُتار دیا جبکہ والدہ کو شدید زخمی کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شہر قائد کے علاقہ گلشن اقبال زینب اسکوائر فلیٹ میں بیٹے کے تشدد سے باپ جاں بحق ہو گیا جب کہ والدہ زخمی ہوگئی جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ کراچی کے علاقہ گلشن اقبال زینب اسکوائر سے 70 سالہ شخص کی لاش بر آمد ہوئی، جاں بحق شخص کی شناخت سلیمان کے نام سے ہوئی، پولیس نے اس حوالے سے تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ مقتول بیٹے کے تشدد سے جاں بحق ہوا اور اس کی اہلیہ کو ریسکیو ٹیم نے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے بتایا کہ والد کو تشدد کے بعد قتل کرنے والا بد بخت بیٹا دراصل نشے کا عادی تھا۔

(جاری ہے)

پولیس نے بتایا کہ ملزم والد کو قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ تاہم ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے جس کے لیے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد قتل اور تشدد کی اصل وجہ سامنے آئے گی۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ لاہور میں جائیداد کے تنازعہ پر ایک سفاک اور بد بخت بیٹے نے اپنی ضعیف والدہ اور چھوٹے بھائی کو موت کے گھاٹ اُتار دیا تھا۔

ملزم شہزاد نے اپنی 75 سالہ ماں اور 42 سالہ چھوٹے بھائی کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم شہزاد کا اپنی ماں اور بھائی سے کئی ماہ سے 6 مرلے کے مکان کا تنازعہ چل رہا تھا جس کی وجہ سے ملزم نے صبح 6 بجے اپنی ماں اور بھائی کو سوتے ہوئے کلہاڑیوں کے وار کر کے قتل کر دیا اور پولیس کو بلا کر یہ بتایا کہ ڈاکوؤں نے قتل کیا۔ لیکن بعد ازاں پولیس تفتیش کے دوران مشکوک بیان پر ملزم نے فوری طور پر اعتراف جُرم کر لیا، جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا تھا۔
Live سانحہ سیالکوٹ سے متعلق تازہ ترین معلومات