امریکی ڈالر نے مقامی کرنسی کو کچل کر رکھ دیا ہے،رضا ربانی

گورنر اسٹیٹ بینک کا روپے کی قدر میں کمی سے فائدے کا بیان ظالمانہ لطیفہ ہے، زرمبادلہ کے ذخائر تیزی سے گرنے سے روپے کی قدر مزید کم ہوگی، سابق چیئر مین سینٹ

جمعہ 22 اکتوبر 2021 15:19

امریکی ڈالر نے مقامی کرنسی کو کچل کر رکھ دیا ہے،رضا ربانی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2021ء) سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ امریکی ڈالر نے مقامی کرنسی کو کچل کر رکھ دیا ہے، گورنر اسٹیٹ بینک کا روپے کی قدر میں کمی سے فائدے کا بیان ظالمانہ لطیفہ ہے، زرمبادلہ کے ذخائر تیزی سے گرنے سے روپے کی قدر مزید کم ہوگی۔اپنے بیان میں سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 20 ارب ڈالرز سے گر کر 17 ارب ڈالرز کی سطح پر آ گئے ہیں، ذخائر میں کمی بیرون قرضہ ادائیگی کے باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک کا روپے کی قدر سے متعلق بیان ایک ظالمانہ لطیفہ ہے، کے الیکٹرک 3 روپے 45 پیسے فی یونٹ اضافے کا مطالبہ کر رہا ہے، آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق حکومت گیس نرخ میں 35 فیصد اضافے کا ارادہ رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

رضا ربانی نے کہا کہ دی اکانومسٹ رپورٹ کے مطابق مہنگائی کے اعتبار سے پاکستان دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے، اشیاء خور و نوش گھی، چینی اور آٹے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، سبزیوں کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اشیاء ضروریہ خریدتے وقت عام آدمی تمام ٹیکس ادا کر رہا ہے، حکومت بڑے کاروبار اور صنعتی شعبے کے افراد کو ٹیکس ریلیف دے رہی ہے، خبریں ہیں کہ مشیر خزانہ آئی ایم ایف سے مذاکرات بے نتیجہ چھوڑ کر امریکا سے روانہ ہو گئے ہیں۔رضا ربانی نے کہا کہ مشیر خزانہ نے آئی ایم ایف سے مذاکرات بیورو کریسی کے ہاتھ میں چھوڑ دیئے ہیں،حکومت پارلیمنٹ اور عوام کو پی ٹی آئی اور آئی ایم ایف مذاکرات کے حوالے سے اعتماد میں لے۔