Live Updates

وزیر اعظم نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سب کیمپس کو یونیورسٹی بنانے کی منظوری دیدی

عمران خان نے یونیورسٹی کے قیام کے لیے پنجاب حکومت کو تمام فنڈز فراہم کر نے کی بھی ہدایت کر دی ، گورنر کا اظہار تشکر

جمعہ 22 اکتوبر 2021 19:08

وزیر اعظم نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سب کیمپس کو یونیورسٹی بنانے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2021ء) وزیر اعظم عمران خان نے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کی درخواست پر زرعی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے سب کیمپس کو یونیورسٹی بنانے کی منظوری دیدی،گور نر پنجاب چوہدری سرور نے جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کے حوالے سے وزیر اعظم کو اپنے دورہ یورپ کے دوران یورپی پار لیمنٹ کے نائب صدور سمیت یورپی اراکین پار لیمنٹ سمیت دیگرسے ہونیوالی ملاقاتوں کے بارے میں بر یفنگ دی۔

وزیر اعظم عمران خان نے جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کے لیے گور نر پنجاب کے اقدامات کو بھی سراہا ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز وزیر اعظم عمران خان کے دورہ لاہور کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرورنے ایوان وزیر اعلیٰ میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں سیاسی اور حکومتی امورکے ساتھ ساتھ گور نر پنجاب کے 10روزہ دورہ یورپ اوریونیورسٹیز میں اصلاحات سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

گور نر پنجاب نے وزیر اعظم عمران خان کو دورہ یورپ کے حوالے سے بریفنگ دی ۔گور نر پنجاب نے وزیر اعظم کو بر یفنگ کے دوران بتایا کہ دورہ یورپ کے دوران میری برسلز ،اٹلی اور ہنگری سمیت دیگر ممالک میں یورپی پارلیمنٹ کے 4نائب صدور سمیت تیس سے زائد یورپی اراکین پار لیمنٹ سے ملاقاتیں ہوئیںجن سے پاکستان کے لیے جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع ،افغان امن عمل،مسئلہ کشمیر،پاکستان میں اقلیتوں کے تحفظ سمیت دیگر امور کے حوالے سے بات چیت کی گئی اور یورپی اراکین پار لیمنٹ نے افغانستان میں امن کے قیام اور اقلیتوں کے تحفظ کے لیے پاکستانی اقدامات کو سراہا ہے ۔

گور نر پنجاب نے وزیر اعظم عمران خان کو مزید بتایا کہ یورپی اراکین پار لیمنٹ سے کامیاب ملاقاتوں کے بعد مجھے یقین ہے کہ انشا اللہ جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کا فیصلہ پاکستان کے حق میں آئے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کے اراکین امن کے لیے پاکستانی کردار کے معترف نکلے ہیں اور امن کے لیے پاکستان کو بھر پور سپورٹ کر نے کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے گور نر پنجاب کی درخواست پر زرعی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے سب کیمپس کو یونیورسٹی بنانے کی منظوری دیدی جس پر گور نر پنجاب نے وزیر اعظم عمران خان کا شکر یہ اداکیا ہے جبکہ ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ عوامی صحت اور تعلیم سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین تر جیح ہے جس کے لیے وفاقی اور پنجاب حکومت کے تمام اداے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خاتمے کے لیے بھی تمام اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات