Live Updates

کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات بہت موثر رہے، شیخ رشید

وزیر اعظم سے ملاقات میں معاملات پر بات چیت ہوگی ،کابینہ میں فرانسیسی سفیر کی بے دخلی سے متعلق معاملہ زیر بحث آئے گا، میڈیا سے گفتگو

پیر 25 اکتوبر 2021 16:49

کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات بہت موثر رہے، شیخ رشید
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2021ء) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ایک بار پھر کہا ہے کہ کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے وفد کے ساتھ مذاکرات بہت موثر رہے ہیں،وزیر اعظم سے ملاقات میں معاملات پر بات چیت ہوگی ،کابینہ میں فرانسیسی سفیر کی بے دخلی سے متعلق معاملہ زیر بحث آئے گا، کالعدم تنظیم کے ساتھ وعدوں پر پہرا دینگے ،کرکٹ کے میدان میں بھارت کے خلاف پاکستان کی بہت بڑی فتح تھی، میرا تو ورلڈ کلپ ہوگیا جس میں شاہین کامیاب قرار پائے ہیں،میری وزارت میں اختیار ہوتا تو کرکٹ ٹیم کی کامیابی کی خوشی میں پیرکی چھٹی کردیتا ، 1122 ریسپانس سروس کے آغاز بہت جلد ہوگا۔

پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے وفد کے ساتھ مذاکرات بہت موثر رہے ہیںاس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات متوقع ہے اور کابینہ میں فرانسیسی سفیر کی بے دخلی سے متعلق معاملہ زیر بحث آئے گا۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے کہا کہ میری اطلاعات کے ٹی ایل پی نے ایک شاہراہ کھول دی ہے جو خوش آئند بات ہے، جو ہم نے ان سے وعدے کیے ہیں ان پر پہرا دیں گے، وزیر اعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب سے قبل پرنسپل سیکرٹری کو مدارس کے اکاؤنٹس کو بحال کرنے کی ہدایت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بہتر ہے کہ مدارس کا معلوم ہو کہ ان کے پاس فنڈز کتنے اور کہاں سے آرہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کو دیگر عہدیداران کے بہت زیادہ تعاون کرنے والے شخص پایا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹی ایل پی کالعدم تنظیم ہے تاہم اس بارے میں بھی پارٹی کے رہنماؤں سے بات چیت ہوئی ہے، میری خواہش ہے کہ یہ معاملہ مکمل طورپر ختم ہوجائے۔

انہوں نے بتایا کہ سعد رضوی سے دو مرتبہ ملاقات ہوئی اور میں نے انہیں آگاہ کیا کہ فرانس یورپی ممالک کی نمائندگی کررہا ہے، پاکستان کے خلاف بھارت کی سازشیں جاری ہیں، امریکا میں پاکستان کے خلاف پابندی عائد کرنے کا بل پیش کیا گیا ، معاشی بحران ہے۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کرکٹ کے میدان میں بھارت کے خلاف پاکستان کی بہت بڑی فتح تھی، میرا تو ورلڈ کلپ ہوگیا جس میں شاہین کامیاب قرار پائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر مبارک باد دیتا ہوں، اچھا ہوا کہ کنٹینرز ہٹادیے ورنہ معلوم نہیں کیا ہوتا کیونکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں تاریخی جشن منایا گیا۔شیخ رشید نے کہا کہ بھارتی لوگوں نے اپنے کرکٹرز کے گھروں پر پتھراؤ کیے اور پاکستانی کرکٹرز کی تعریف کی، ملکی تاریخ میں ایسی کامیابی نصیب نہیں ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز صرف کرکٹ نہیں بلکہ کرکٹ پلس تھا اور اگر میری وزارت میں اختیار ہوتا تو کرکٹ ٹیم کی کامیابی کی خوشی میں آج کی چھٹی کردیتا اور اب مجھے نیوزی لینڈ یا دیگر ٹیموں میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔وزارت داخلہ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چند روز قبل افغان رہنماؤں کا ایک وفد یہاں پہنچا تھا اور اب ہماری طرف سے کچھ عہدیدار ادھر گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چمن بارڈر بند ہے ،طور خم پر ویزا کا اجزا 5 ہزار سے زیادہ کرنے کے لیے بھی تیار ہیں اور اسٹیکرز اور آن لائن ویزا ختم کردیا ہے۔شیخ رشید نے بتایا کہ ویزا فیس ختم کردی ہے، 7 بڑے شہروں میں ایک دن کے اندر ویزا جاری کرنا ہوگا۔اسلام آباد میں 1122 ریسپانس سروس کے آغاز سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بہت جلد سروس شروع کردی جائے گی جس کے انتظام و انصرام کو مثالی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ چند ماہ میں اسلام آباد پولیس اور ڈرون سے نگرانی کا اقدام موثر انداز میں فعال ہے جسے وسعت دی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات