Live Updates

وزیراعظم نے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی تقرری کی منظوری دیدی ،نوٹیفکیشن جاری

نوٹیفکیشن کا اطلاق 20 نومبر 2021 سے ہوگا،موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر تک اپنے فرائض انجام دیں گے وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات آئی ایس آئی کمان کی تبدیلی کے وقت سے متعلق جاری مشاورتی عمل کا حصہ تھی،ترجمان وزیر اعظم آفس

منگل 26 اکتوبر 2021 23:01

وزیراعظم نے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2021ء) وزیراعظم عمران خان نے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی تقرری کی منظوری دیدی جس کا نوٹیفکیشن بھی جار ی کر دیا گیا ۔ منگل کو وزیراعظم ہائوس نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔وزیراعظم ہائوس سے جاری نوٹیفکیشن کا اطلاق 20 نومبر 2021 سے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر تک اپنے فرائض انجام دیں گے۔وزیراعظم کے سیکرٹری اعظم خان کے دستخط سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سمری کے چھٹے پیراگراف میں دیے گئے افسران کے پینل کو وزیراعظم نے دیکھا اور لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی تعیناتی کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں وزیر اعظم آفس کے ترجمان کے بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی، جس میں نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت دفاع کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو افسران کے ناموں کی سمری بھیجی گئی جس پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے سمری میں ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے کیلئے مجوزہ تمام امیدواروں کے انٹرویوز کیے۔ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف کے درمیان مشاورت کا آخری دور ہوا۔ تفصیلی مشاورت کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو نیا ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کرنے کا فیصلہ ہوا۔

ملاقات آئی ایس آئی کمان کی تبدیلی کے وقت سے متعلق جاری مشاورتی عمل کا حصہ تھی ۔یاد رہے کہ 6 اکتوبر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے ایک جاری بیان میں کہا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو آئی ایس آئی کا نیا ڈائریکٹر جنرل تعینات کردیا گیا ۔آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کردیا گیا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے پنجاب رجمنٹ کی لائٹ اینٹی ٹینک بٹالین میں کمیشنڈ حاصل کیا، انہیں کمانڈ اسٹاف اور انسٹرکشنل اسائمنٹس کا تجربہ ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کمبائنڈ آرمز سینٹر یوکے سے گریجویٹ ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم اسٹاف کالج کوئٹہ کے بھی گریجویٹ ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ایڈوانس اسٹاف کورس برطانیہ کے بھی گریجویٹ ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے ماسٹرز ڈگری کنگز کالج لندن اور این ڈی یو اسلام آباد سے حاصل کی، انہیں روایتی اور غیر روایتی خطرات کے ماحول میں کمانڈ کا وسیع تجربہ ہے۔لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے مغربی سرحد اور ایل او سی پر کمانڈ کی ہے، جبکہ بلوچستان میں طویل خدمات انجام دی ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے جنوبی وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کو کمانڈ کیا۔لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کمانڈنٹ اسٹاف کالج کوئٹہ اور کمانڈر فائیو کور سندھ بھی رہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات