ن لیگ کے اکاؤنٹس میں فرضی ناموں پر کروڑوں روپے جمع ہوئے،

نوازشریف اپنی ہی پارٹی کے 4.5 کروڑ روپے ، توشہ خانہ کی بی ایم ڈبلیو لے گئے، اکاؤنٹس پر مالیاتی ماہرین کے اعتراضات الیکشن کمیشن میں جمع کرا دئیے ہیں،وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات

جمعرات 28 اکتوبر 2021 16:51

ن لیگ کے  اکاؤنٹس میں فرضی ناموں پر کروڑوں روپے  جمع  ہوئے،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2021ء) وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب  نے کہا ہے کہ  سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے،  فرضی ناموں پر کروڑوں روپے کی رقم ن لیگ کےپارٹی اکاؤنٹس میں جمع کی گئ، نوازشریف توشہ خانہ کی بی ایم ڈبلیو گھر لے گئے،  غیر قانونی فارن فنڈنگ ثابت ہوئی تو ن لیگ پر پابندی لگ سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو الیکشن کمیشن کےباہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ  سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، گزشتہ چار  روز سے پیپلز پار ٹی اور ن لیگ کے اکاؤنٹس کو دیکھ رہے ہیں، تین سال میں ن لیگ  کے پارٹی اکاؤنٹس میں45 کروڑ روپے آئے، ن لیگ کے پارٹی اکاؤنٹس میں کئی مشکوک نام پائے گئے، فرضی ناموں پر کروڑوں روپے کی رقم ن لیگ کےپارٹی اکاؤنٹس میں جمع کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ  فرضی ناموں کے ساتھ فنڈز ٹرانسفر کی رسیدیں موجود نہیں ،ن لیگ پارٹی اکاؤنٹس میں جمع کرائے گئے فنڈز کی رسیدیں سامنے نہیں لا سکی۔ فرخ حبیب نے کہا کہ  نوازشریف توشہ خانہ کی بی ایم ڈبلیو گھر لے گئے، نواز شریف  اپنی ہی پارٹی کے 4.5 کروڑ روپے ذاتی استعمال کے لئے لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ  ہم نے  ن لیگ کے پارٹی اکاؤنٹس پر مالیاتی ماہرین کے اعتراضات الیکشن کمیشن میں جمع کرا دئیے ، پیپلز پارٹی  کے اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال بھی  کرنی ہے انہیں بھی حساب دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ  غیر قانونی فارن فنڈنگ ثابت ہوئی تو ن لیگ پر پابندی لگ سکتی ہے،رسید یں نہ دینے پر یہ ہمارے شک کو یقین میں بدل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  ناموس رسالتﷺ کے  معاملے کو  وزیراعظم نے دنیا بھر میں اجاگر کیا، اگر کوئی بیرون ملک ہماری دل آزاری کرتاہے تو کیا  اپنے لوگوں کو مارنا جائز ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں پر کالعدم تنظیم کے کارکنوں نے براہ راست فائرنگ کی۔