Live Updates

فتنۃ الہندوستان کا انتہائی مطلوب دہشت گرد جمیل عرف ٹیٹک ایران میں مارا گیا

جمیل عرف ٹیٹک کئی خونریز حملوں اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث اور طویل عرصہ سے سکیورٹی فورسز کو مطلوب تھا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 19 اکتوبر 2025 15:18

فتنۃ الہندوستان کا انتہائی مطلوب دہشت گرد جمیل عرف ٹیٹک ایران میں مارا ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اکتوبر2025ء) سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران فتنۃ الہندوستان کا انتہائی مطلوب دہشتگرد جمیل عرف ٹیٹک ہلاک ہوگیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنۃ الہندوستان کا انتہائی مطلوب سرغنہ جمیل عرف ٹیٹک ایران کے شہر برزی گریشنگ میں مارا گیا، جمیل عرف ٹیٹک کی ہلاکت کی تصدیق بھی ہوچکی ہے، ہلاک دہشت گرد جمیل بلوچستان کے ضلع پنجگور کا رہائشی تھا جو بولیدہ سمیت متعدد علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم رہا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جمیل عرف ٹیٹک کئی خونریز حملوں اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھا اور طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا، جمیل عرف ٹیٹک فتنۃ الہندوستان کا فعال رکن اور تنظیمی نیٹ ورک کے اہم رابطہ کار کے طور پر بھی کام کر رہا تھا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز سکیورٹی فورسز نے بنوں میں مغل کوٹ سیکٹر میں فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اس کامیاب آپریشن کے نتیجے میں فتنۃ الخوارج کے طارق کچھی گروپ کی تشکیل کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے سرغنہ طارق کچھی اور حکیم اللہ عرف ٹائیگر کو جہنم واصل کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج کے ہلاک دہشت گردوں سے بھاری اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا، خارجی طارق کچھی کی تشکیل پچھلے 2 سال سے دہشتگردانہ کارروائیوں میں متحرک تھی، خارجی طارق کچھی کی دہشتگرد تشکیل فتنۃ الخوارج طالبان کے لیے بھتہ خوری میں بھی ملوث تھی، فتنۃ الخوارج طارق کچھی دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کیلئے سہولت کار تھا۔                                                                              
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات