ضمنی الیکشن این اے133، جمشید اقبال چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونےکا امکان

جمشید اقبال چیمہ کے تجویزکنندہ این اے 133 کے رہائشی نہیں ہیں، تجویز کنندہ کا متعلقہ حلقے کا رہائشی ہونا ضروری ہوتا ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 28 اکتوبر 2021 17:07

ضمنی الیکشن این اے133، جمشید اقبال چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونےکا ..
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اکتوبر2021ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں این اے133 کے ضمنی الیکشن کیلئے تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کا امکان ہے، جمشید اقبال چیمہ کے تجویزکنندہ این اے 133 کے رہائشی نہیں ہیں،ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تجویز کنندہ کا متعلقہ حلقے کا رہائشی ہونا ضروری ہوتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے  پی ٹی آئی امیدوار جمشید اقبال چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کروانے کے لیے ریٹرنگ افسر کو درخواست دے دی ہے۔ درخواست میں مئوقف اپنایا گیا کہ این اے 133 ضمنی الیکشن کیلئے جمشید اقبال چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔ جمشید اقبال چیمہ کے تجویزکنندہ متعلقہ حلقے کے رہائشی نہیں ہیں، بلکہ تجویز کنندہ این اے 130 کے رہائشی ہیں، تجویز کنندہ کا این اے 133 کا رہائشی ہونا ضروری ہوتا ہے، لیکن دستاویزات میں جمشید اقبال چیمہ کے تجویز کنندہ بلال حسین کوٹ لکھپت این اے 130 کا رہائشی ہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ میرے کاغذات درست ہیں، میں تجویز کنندہ کا چیک کرواتا ہوں۔ ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تجویز کنندہ کا متعلقہ حلقے کا رہائشی ہونا ضروری ہوتا ہے، تجویز کنندہ اور تائید کنندہ متعلقہ حلقے کا ہونا چاہیے امیدوار کی فدغن نہیں ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لاہوراین اے133 میں انتخابی دنگل کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے،الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ این اے133 میں ضمنی انتخاب کے لیے تحریک انصاف کے رہنماء جمشید اقبال چیمہ، مسلم لیگ ن کی امیدوار شائستہ پرویز، پیپلزپارٹی کے امیدوار اسلم گل سمیت21 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

ان امیدواروں کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے 30 نومبر تک طلب کرلیا گیا ہے۔ ان میں جو امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینا چاہے گا، وہ امیدوار11 نومبر تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ حلقے میں انتخاب 5 دسمبر کو ہوگا، الیکشن کو صاف شفاف بنانے کیلئے پولنگ کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔